کراچی سرکلر ریلوے کا ’’ریڈ سگنل‘‘ کب ’’گرین ‘‘ ہوگا

شہرکراچی کی ’’خستہ حالی‘‘ کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ یہاں ہر کام ’’سیاسی ‘‘ ہوجاتا ہے۔


آصف زیدی April 19, 2019

٭ شہرکراچی سے ملک کے مختلف شہروں کا بذریعہ ریل گاڑی سفرکرنے والے جب سفر شروع کرتے ہیں تو سٹی اسٹیشن، کینٹ اسٹیشن ، ڈرگ روڈ، لانڈھی، بن قاسم اور دیگر اسٹیشنوں سے گزرتے وقت شہرکی عمارتیں، سڑکیں، کچھ بازار اور دیگر نظارے بھی اُن کے ہمسفر ہوتے ہیں۔ ریل کی پٹڑی کے ساتھ ساتھ سڑک پر چلنے والی گاڑیاں، گھروں اور رہائشی علاقوں میں ریل کا نظارہ کرتے لوگ ، پھاٹک بند ہونے کی وجہ سے جمع افراد اور دیگر مناظر بہت اچھے لگتے ہیں ۔ جب گاڑی شہری علاقے سے باہر نکل جاتی ہے تو میدان ،کھیت ، دریا ، پہاڑ رہ جاتے ہیں۔

شہری علاقے میں سڑک پر چلنے والی ٹریفک کے درمیان یا ساتھ ساتھ ریل گاڑی بھی چل رہی ہو تو وہ منظر ہی بہت دلکش ہوتا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں تو ایسے مناظر عام ہیں لیکن ہمارے شہر کراچی میں بھی لوگوں نے برسوں '' کراچی سرکلر ریلوے'' کے ذریعے ان مناظرکو دیکھا ہے اور اُن سے محظوظ ہوئے ہیں لیکن بد قسمتی کہیں یا المیہ کہ نئی نسل کے لیے کراچی سرکلر ریلوے صرف افسانوی بات بن چکی ہے یا کتابوں میں اس کا ذکر ملتا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں مکانات اور بازاروں میں چُھپے یا تجاوزات میں دبے ٹریک کی نشانیاں بتاتی ہیں کہ پہلے کسی زمانے میں یہاں سے مسافر ٹرین گزری ہوگی۔

میں خود کو اُن خوش نصیب لوگوں میں سے ایک سمجھتا ہوں جنہوں نے ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والی ریل گاڑیوں کے علاوہ اپنے شہر کراچی میں لوکل ٹرین بھی چلتے دیکھی ہے اور اس میں سفر بھی کیا ہے۔

گوکہ سب گاڑیوں میں ریل گاڑی سب سے طویل ہوتی ہے لیکن شہر کراچی میں سرکلر ریلوے کا سفر زیادہ طویل ثابت نہیں ہُوا ۔ اگر یہ کہوں تو غلط نہ ہوگا کہ انتظامی کوتاہیوں، سیاسی مفادات کی جنگ، بدعنوانی، قبضہ مافیا کی خواہشات اور عوام اور ان کی خواہشات کو نظر انداز کرنے کی پالیسیوں کے تسلسل نے شہر قائد کے باسیوں سے ایک سستی سواری چھین لی۔

اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آج کراچی کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک سفر کرنے والے لاکھوں شہری کم ازکم 100 روپے روزانہ کرایوں کی مد میں خرچ کررہے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر چنگچی رکشوں میں نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن سے صدر اور ٹاور جایا جائے ، کورنگی ، لانڈھی سے صدر یا نارتھ کراچی کا سفر کریں یا صدر سے ملیر ،قائد آباد جائیں یا آئیں تو یکطرفہ کرایہ کم ازکم 60اور 70 روپے وصول کیا جاتا ہے۔ اسی طرح منی بسیں 30 روپے اور 40 روپے وصول کرتی ہیں جب کہ کہیں کہیں تو یہ کرایہ 50روپے تک بھی پہنچ جاتا ہے۔

اب ذرا سوچیں کہ شہر کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک کا یہی سفر اگر ریل گاڑی میں ہوگا تو کرایہ اس سے کہیں کم دینا پڑے گا۔ اس سے عوام کو ایک پُرسکون اور آرام دہ سفر کا ذریعہ بھی میسر آسکتا ہے تو دوسری جانب جیب پر مسلسل پڑنے والا بوجھ بھی کم ہوگا لیکن ایسا لگتا ہے کہ ابھی یہ منزل دُور ہے۔

حکومتی اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ پاکستان ریلویز نے 1969ء میں کراچی سرکلر ریلوے کا آغاز کیا جس کا مقصد شہریوں کو آرام دہ سفری سہولت مہیا کرنا تھا۔ کراچی سرکلر ریلوے لائن ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن سے شروع ہو کر لیاقت آباد سے ہوتی ہوئی سٹی اسٹیشن پر ختم ہوتی تھی۔ اس کے علاوہ پاکستان ریلویز کی مرکزی لائن پر بھی لوکل ٹرینیں چلائی جاتی تھیں ۔ یہ سروس کراچی والوں میں بے حد مقبول تھی اور لوگ سرکلر ریلوے سے بھرپور استفادہ حاصل کرتے تھے ۔

لوگ بتاتے ہیں کہ 1970ء اور 1980ء کی دہائی میں کراچی سرکلر ریلوے عروج پر تھی اور روزانہ 100سے زائد ٹرینیں شہر کے مختلف علاقوں میں چلتی تھیں لیکن پھر ''مفاد پرستوں '' کو یہ ٹرین اپنے مفادات پر گزرتی نظر آئی اور مختلف اقدامات، سازشوں ، کارروائیوں، تاخیری حربوں اور حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے کراچی سرکلر ریلوے تباہ ہوتی چلی گئی۔ 1994ء میں کراچی سرکلر ریلوے کی بہت سی ٹرینیں خسارے کی وجہ سے بند کر دی گئیں جب کہ 1999ء میں کراچی سرکلر ریلوے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔

گذشتہ دنوں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دورہ کراچی کے دوران کہا کہ'' اگر کراچی سرکلر ریلوے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت میں نہ بنا تو پھر کبھی نہیں بنے گا۔ ابھی تو اس کی فزیبلٹی رپورٹ بھی تیار نہیں'' وفاقی وزیر کی جانب سے یہ بات بہت اہم ہے ۔

ہم سمجھتے ہیں کہ حکومتی سطح پر کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کی خواہش ضرور ہوگی لیکن اس اربوں روپے مالیت کے اہم منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بہت کٹھن سفر طے کرنا ہوگا۔ سرکلر ریلوے ٹریک کی مجموعی لمبائی تقریباً 50کلومیٹر بتائی جاتی ہے لیکن اگر آپ اس کے ٹریک پر سفر شروع کریں، اس کا جائزہ لیں تو آپ کو چند کلومیٹر پر ہی ریلوے لائن نظر آئے گی ، باقی کچھ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومت سندھ کو سرکلر ریلوے منصوبے کے لیے 360 ایکڑ زمین درکار ہے جس میں سے 70 ایکڑ پر قبضہ ہے، لوگوں نے ریلوے ٹریک اور اسٹیشنوں کی جگہ اپنے گھروں اور دیگر تعمیرات کے لیے ''وقف'' کی ہوئی ہے۔

سب سے بڑا مرحلہ اور مسئلہ تو ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے لائنوں پر موجود تجاوزات کو ختم کرنا ہے اور ان کے درمیان ''دفن '' ریلوے ٹریک '' کو بازیاب کرانا ہے۔ پھر جو لوگ قبضہ کیے ہوئے یا انھوں نے وہ جگہ سرکاری اداروں یا افسران کی ملی بھگت اور حمایت سے حاصل کی ہے،اُنہیں وہاں سے ہٹانا اور کسی دوسری جگہ پر آباد کرنا بھی بڑا کام ہوگا۔ یہ بات طے ہے کہ سرکاری اداروں کی پشت پناہی کے بغیر کوئی شہر میں ایک فٹ کی جگہ پر بھی قبضہ نہیں کرسکتا ۔ اُن ذمے داروں کو بھی عوام کے سامنے لانا چاہیے جنہوں نے شہریوں سے ''سرکلر ریلوے ''چھین لی۔ اُن کے چہرے بھی بے نقاب ہونے کا وقت آگیا ہے جن کے مفادات کو کراچی سرکلر ریلوے سے نقصان پہنچ رہا تھا اور انھوں نے اس کی تباہی میں بھرپور کردار ادا کیا۔ یہ کیسے ہوگا ؟ یہ کام حکومتی ماہرین نے شہری حلقوں کے ساتھ مل کر ہی انجام دینا ہے۔

شہرکراچی کی ''خستہ حالی'' کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ یہاں ہر کام ''سیاسی '' ہوجاتا ہے۔ ہر جماعت اپنے اپنے مفادات اور پالیسیوں کے تحت ہر منصوبے پر بیان بازی بھی کرتی ہے ، برسراقتدار جماعتیں اپنی سوچ کے مطابق کام کرتی ہیں تو حزب اختلاف میں بیٹھے لوگ اپنے منشور کی تقلید کرتے ہیں۔ اس کشمکش میں اور کچھ ہو یا نہ ہو، شہریوں کا کام نہیں ہوتا۔ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کا بیڑہ اٹھانے والوں کو بھی یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی۔

گوکہ سپریم کورٹ کے احکام پر سرکلر ریلوے کی جگہ پر بنی املاک اور تجاوزات کو ختم کرنے کیلیے آپریشن بھی ہُوا لیکن یہ کام بہت سمجھداری، بُردباری، بغیر کسی جانبداری کے کرنے کا ہے۔

کراچی سرکلر ریلوے کے سفر میں ''ریڈ سگنل '' بہت زیادہ ہیں ، ہمیں ''گرین سگنل '' چاہیے تاکہ کراچی والوں کی پسندیدہ سواری ٹریک پر بھرپور رفتار سے دوڑ سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |