پاکستان کپ کے پی کے اور بلوچستان نے فیصلہ کن معرکے میں قدم رکھ دیئے

سندھ 9رنز سے ناکام، خیبرپختونخوا کے خوشدل شاہ کی شاندار سنچری،محمد سعد69 پر ناٹ آؤٹ رہے۔


سندھ 9رنز سے ناکام، خیبرپختونخوا کے خوشدل شاہ کی شاندار سنچری،محمد سعد69 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو: پی ٹی وی

خیبرپختونخوا اور بلوچستان نے پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں قدم رکھ دیئے۔

سندھ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، خیبر پختونخوا کے کپتان سلمان بٹ (4) کو پہلے ہی اوور میں عمرگل نے بولڈ کردیا، ٹیم کی ففٹی مکمل ہوتے ہی عابد علی(16) نے جنید خان کی بال پر آصف علی کو کیچ دیدیا، عادل امین 23 رنز بنا کر محمد سعد کا ساتھ چھوڑ گئے، نعمان علی کی گیند عمر گل کے ہاتھوں میں محفوظ ہوئی، پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے وہاب ریاض 18 رنز بناکر حماد اعظم اور آصف علی کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، سعد علی(69) نے محمد الیاس کی گیند وکٹوں کے پیچھے موجود عمر صدیق کے سپرد کردی۔

عدنان اکمل( 8) نے حماد اعظم کی بولنگ پر صاحبزادہ فرحان کو کیچ دیدیا، مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود خوشدل شاہ کے بیٹ سے چوکوں، چھکوں کی برسات جاری رہی، انہوں نے ففٹی 37 گیندوں پر مکمل کی،ٹیم نے 200 رنز کا سنگ میل 40 اوورز میں عبور کیا ہی تھا کہ زوہیب خان(13) نے حماد اعظم کی گیند پر عمران رفیق کو کیچ دیتے ہوئے پویلین کی راہ لی۔

سہیل خان (22)جنید خان کی گیند پر اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں محمد الیاس کو کیچ دے بیٹھے، خوشدل شاہ نے 66 گیندوں پر سنچری آخری اوور میں مکمل کرلی لیکن مزید کسی رن کا اضافہ کیے بغیر محمد الیاس کی بال عاشق علی کے ہاتھوں میں پہنچا دی،اننگز کی آخری گیند پر عمیدآصف( 12) نے آصف علی کو کیچ دیا۔

حماد اعظم اور محمد الیاس 3،3 جبکہ جنید خان2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں سندھ نے پہلا نقصان 38 کے مجموعی اسکور پر اٹھایا، صاحبزادہ فرحان (22) نے محمد عرفان جونیئر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے عدنان اکمل کو کیچ دیا، احسن علی(16) کی مزاحمت کرنے کے بعد عمید آصف اور محمد سعد کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، عمر صدیق(69) کی اننگز کا خاتمہ کرنے کیلیے زوہیب خان نے عدنان اکمل کا سہارا لیا، اسپنر نے ٹیم کے 150رنز مکمل ہوتے ہی عمرامین( 32) کو خوشدل شاہ کی مدد سے جکڑ لیا۔

مطلوبہ رن ریٹ 8کے قریب ہونے پر آصف علی نے 33گیندوں پر 42رنز بناکر فتح کی امید دلائی لیکن انھیں عمید آصف نے بولڈ کردیا،8اوورز میں 60رنز درکار تھے کہ حماد اعظم (24) کی وکٹیں زوہیب خان نے بکھیر دیں، وہاب ریاض نے نعمان علی(15) کے بعد اگلے اوور میں عمرگل(1) کو بھی بولڈ کر دیا،آخری اوور میں ٹیم کو 14رنز کی ضرورت تھی لیکن عمید آصف نے 4ہی بننے دیے،اس دوران محمد الیاس (1) رن آؤٹ بھی ہوئے،سندھ کی اننگز 9وکٹ پر 291 تک محدود رہی، عمران رفیق61پر ناٹ آؤٹ رہے، زوہیب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔