نیب راولپنڈی کی خواجہ آصف سے منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش

گزشتہ برس خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ تحقیقات کا حکم چیئرمین نیب نے عمران خان کی درخواست پر دیا تھا


حیدر نسیم/ April 09, 2019
سابق وزیر دفاع نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ فوٹو : فائل

منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر دفاع خواجہ آصف سے نیب راولپنڈی نے تفتیش کی اور بیرون ملک اثاثوں، بینک اکاؤنٹس سے متعلق ایک سوال نامہ بھی دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندہ خصوصی کے مطابق سابق وزیر دفاع خواجہ آصف آج نیب راولپنڈی میں تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے، نیب تفتیشی ٹیم نے خواجہ آصف کا بیان ریکارڈ کیا اور انہیں بیرون ملک اثاثوں سے متعلق ایک سوال نامہ بھی دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خواجہ آصف سے جائیداد کی تفصیلات، اثاثوں کے ظاہر شدہ ہونے، سال 2000 سے اثاثوں میں اضافے کی تفصیلات، اندورن اور بیرون ملک بینک اکاؤنٹس، بیرون ملک اثاثوں کی دستاویز سے متعلق سوالات کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر دفاع نے نیب کو جواباً بتایا کہ وہ کچھ دستاویزات اور ریکارڈ اپنے ساتھ لائے ہیں اور باقی ماندہ دستاویزات کو جلد پیش کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی، جس پر نیب تفتیشی کمیٹی نے جواب تحریری طور پر قلم بند کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ضمنی سوال نامہ بھی دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ کے الزامات؛ چیرمین نیب کا تحقیقات کا حکم

خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نیب تفتیشی کمیٹی کے ساتھ اچھے ماحول میں چائے پی، کچھ زبانی پوچھ گچھ ہوئی اور نیب کی جانب سے تحریری سوال نامہ بھی دیا گیا ہے جنہیں ابھی میں نے دیکھا نہیں ہے۔ قانون اور آئین کا احترام کرتا ہوں اور ہر مرحلے میں تعاون جاری رکھوں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ اُس وقت کے اپوزیشن رہنما اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیب کے سربراہ کو خط لکھ کر خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں