جشن آزادی کی تیاریاں شروع مختلف مقامات پر اسٹالز سج گئے

قومی پرچم، جھنڈیوں، اسٹیکر اور بیجز کی فروخت جاری، نوجوانوں، بچوں میں جوش وخروش،عید کے باعث خوشیاں دوبالا


Nasiruddin August 12, 2013
صدرمیں ایک اسٹال سے شہری بچوں کے ہمراہ قومی پرچم خرید رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان کے 66 ویں جشن آزادی کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔

شہر کے مختلف مقامات پر اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں قومی جھنڈوں، اسٹیکراور بیجز سمیت دیگر آئٹموں کی فروخت جاری ہے ان اسٹالزپر بچوں اور نوجوانوں کا خاصا رش نظر آرہا ہے جشن آزادی کے حوالے سے شہریوں کی خوشیاں اس لحاظ سے دوبالا ہوگئی ہیں کہ عیدالفطر کے محض پانچ دن کے بعد قوم جشن آزادی کا تہوار منائے گی، جشن آزادی کے حوالے سے شہر کے مختلف مقامات پیپرمارکیٹ لائٹ ہاؤس، طارق روڈ، گلستان جوہر، گرومندر، لیاقت آباد، گلشن اقبال، ڈیفنس، کلفٹن، برنس روڈ، پاکستان چوک، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، فیڈرل بی ایریا، لسبیلہ، رنچھوڑ لائن و دیگر مقامات پر جشن آزادی کے آئٹموں کی فروخت کیلیے خصوصی اسٹالز لگائے گئے ہیں۔



ان اسٹالز پر جشن آزادی کے رنگ برنگی آئٹمز رکھے گئے ہیں ان میں چھوٹے بڑے قومی جھنڈوں، قومی جھنڈیوں، بیجز، اسٹیکرز، کیپ، ہینڈ بینڈز و دیگر شامل ہیں ان اسٹالز پر بچوں کے جشن آزادی کے ڈریس خصوصاً ٹی شرٹس اور بابا بے بی کے ڈریس خصوصی توجہ کا مرکز ہیں، اس کے علاوہ لڑکیوں کیلیے چوڑیاں، کڑے، لاکٹ، بریسلیٹ بھی اسٹالز پر موجود ہیں، بچوں کیلیے ماتھے کی پٹی، غبارے بھی توجہ کا مرکز ہیں، ان اسٹالز پر جشن آزادی کے مختلف اقسام کے50 سے زائد بیجز موجود ہیں۔

جشن آزادی کے اسٹالز پر دکانداروں نے بتایا کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کی تیاریوں کے پیش نظر جشن آزادی کے آئٹموں کی فروخت قدرے سست رہی ہے تاہم عیدالفطر کے بعد اب ان اسٹالز پر نوجوانوں اور بچوں کا رش لگنا شروع ہوگیا ہے اور اسٹالز سجنا شروع ہوگئے ہیں، بچے، نوجوان خصوصاً اسکولوں کے طلبہ و طالبات قومی جھنڈے، جھنڈیوں، اسٹیکر، بینرز کی خریداری جوش و خروش سے کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں