ساہیوال جے آئی ٹی کی سی ٹی ڈی سے گزشتہ آپریشنز سے متعلق بھی تفتیش

سی ٹی ڈی افسران اور اہلکاروں کے جوابات کو حتمی رپورٹ میں تفتیش کا حصہ بنادیا گیا


سی ٹی ڈی افسران اور اہلکاروں کے جوابات کو حتمی رپورٹ میں تفتیش کا حصہ بنادیا گیا فوٹو:فائل

سی ٹی ڈی پنجاب نے ایک سال میں 63 آپریشن کیے جن میں 12 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور 123 کی گرفتاری کا دعوی کیا۔

ساہیوال آپریشن کے بعد جے آئی ٹی نے تحقیقات کے دوران سی ٹی ڈی کی گزشتہ کارروائیوں سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی۔ تفتیشی ٹیم نے سی ٹی ڈی کے سابق افسران سمیت کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں سے آپریشن کے طریقہ کار سمیت مختلف پہلوؤں پر سوالات پوچھے۔

سی ٹی ڈی کے افسران و اہلکاروں کے جوابات کو حتمی رپورٹ مرتب کرتے وقت تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب نے گزشتہ ایک سال میں صوبے کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 63 کارروائیاں کیں اور مبینہ مقابلوں میں 12 خطرناک دہشتگرد مارنے اور 123 کی گرفتاری کا دعوی کیا۔

سی ٹی ڈی نے فروری 2018 سے لیکر اب تک پنجاب کے 18 اضلاع میں گرینڈ آپریشنز کئے ہیں۔ سب سے زیادہ بہاولپور سے 20 دہشتگردوں کو پکڑنے کا دعوی کیا گیا ہے۔ ملتان سے 18 اور راولپنڈی سے 17 دہشتگردوں کو پکڑا گیا۔

رواں سال 19 جنوری کو ساہیوال میں متنازعہ آپریشن تاحال سی ٹی ڈی کی آخری کارروائی ہے جس میں آپریشنل ٹیم نے گاڑی میں سوار چار نہتے شہریوں کو دہشتگردی کے شبہ میں گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔ اس آپریشن نے سی ٹی ڈی کے تمام مقابلوں کو مشکوک بنادیا ہے۔

سانحہ ساہیوال سے قبل سی ٹی ڈی کے کسی بھی آپریشن کا آج تک کوئی عینی شاہد سامنے نہیں آیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن تھا جو دن میں اور ملتان روڈ کی اہم شاہراہ پر کیا گیا۔ اگر اس آپریشن سے متعلق موبائل فوٹیجز منظرعام پر نہ آتیں تو یقینا یہ بھی ماضی کی طرح دہشتگردوں کے خلاف ایک کامیاب کارروائی گردانی جاتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔