حب کینال ٹوٹ پھوٹ کا شکار کراچی پانی سے محروم

حالیہ بارشوں میں حب ڈیم میں 3 فٹ پانی بھرا ، ڈیم میں پانی کا لیول 279فٹ تک پہنچ گیا


Syed Ashraf Ali February 13, 2019
حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی 3ماہ کے طویل عرصے سے بند ہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

حب کینال کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے واٹر بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے حب کینال کی مرمت کا کام کیا جائے گا اس کے بعد حب ڈیم سے پانی کی فراہمی شروع کی جائے گی۔

واٹر بورڈ کے محکمہ واٹر ٹرنک مین کے چیف انجینئر سلیم احمد کے مطابق حب کینال خستہ حالی کا شکار ہے اگر اس وقت حب ڈیم سے پانی کی فراہمی شروع کی گئی تو رساؤ کی وجہ سے بڑی مقدار میں پانی ضائع ہوجائے گا،واٹر بورڈ نے مون سون سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پہلے حب کینال کی مرمت کا کام مکمل کیا جائے اس کے بعد حب ڈیم سے پانی کی فراہمی بحال کی جائے تاکہ مون سون سیزن میں بارشوں سے حب ڈیم بھرنے کی صورت میں واٹر بورڈ اپنا پورا حصہ 100ملین گیلن یومیہ وصول کرنے کے قابل ہوسکے۔

انھوں نے کہا کہ حب کینال کی مرمت کے لیے ٹینڈر طلب کرلیے ہیں پوری کوشش ہے کہ حب کینال کی مرمت کا کام مون سون سے قبل مکمل کرلیا جائے۔

حب ڈیم میں تعینات واپڈا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد احتشام نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے باعث حب ڈیم میں 3فٹ پانی کا اضافہ ہوا ہے جس سے ریزروائر لیول 279 فٹ ہوگیا اور پانی کے اس ذخیرے کے ذریعے محدود پیمانے پر کراچی اور بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں کچھ عرصے کے لیے پانی فراہم کیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ واٹر بورڈ نے کینال کی خرابی کی وجہ سے پانی لینے سے انکار کردیا ہے اس لیے واپڈا انتظامیہ لسبیلہ کو 22ملین گیلن پانی یومیہ فراہمی کررہی ہے جو 102دن تک فراہم کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ حب ڈیم میں موسم سرما کی بارشوں سے قبل پانی کی سطح ڈیڈ لیول 276 فٹ تک پہنچ گئی تھی جس کی وجہ سے کراچی کو پانی کی فراہمی 3 ماہ سے بند تھی گزشتہ دنوں کیچ منٹ ایریا میں موسلادھار بارشوں سے ریزروائر لیول 3فٹ بلند ہو کر 279فٹ تک پہنچ گیا جس کے بعد امید تھی کہ حب ڈیم سے کراچی کے لیے پانی کی فراہمی بحال ہوجائے گی اور ضلع غربی کے تمام علاقوں اور ضلع وسطی کے نارتھ کراچی و نیوکراچی میں جاری پانی کی قلت کم ہوجائے گی تاہم واٹر بورڈ کی ناقص منصوبہ بندی سے کراچی کے شہری پانی کو ترستے رہیں گے۔

واٹر بورڈ کے انجینئروں نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی 3ماہ سے بند ہے، ڈیم سے پانی کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے ضلع غربی اور وسطی میں پانی کی شدید قلت جاری ہے، واٹر بورڈ دریائے سندھ سے 30ملین گیلن یومیہ پانی ضلع غربی کے علاقوں بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، اورنگی ٹاؤن اور ضلع وسطی کے علاقوں نارتھ کراچی اور نیوکراچی کو ناغہ کی بنیاد پر فراہم کررہا ہے۔

واٹر بورڈ 10دن ضلع غربی اور 5دن نیوکراچی اور نارتھ کراچی کو پانی فراہم کررہا ہے، یہ تمام گنجان آباد علاقے ہیں اگر واٹر بورڈ قبل ازوقت حب کنیال کی مرمت کرلیتا تو مذکورہ علاقوں کو حب ڈیم سے پانی کی سپلائی بحال ہوجاتی ،حب ڈیم میں موجودہ پانی کے لیول سے کراچی کو ایک ماہ کے لیے 40ایم جی ڈی پانی مل سکتا ہے اس کے بعد ڈیڈ لیول پر پمپنگ مشینیں لگاکر 25ملین گیلن یومیہ پانی 3ماہ تک لیا جاسکتا ہے تاہم حب کینال کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے یہ ممکن نہیں واٹر بورڈ حب کینال کی مرمت فی الفور مکمل کرائے تاکہ کراچی میں موجودہ پانی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت زیریں سندھ میں اب موسم سرما کی بارشوں کا امکان نہیں ہے انھوں نے کہا کہ حب ڈیم کا کیچ منٹ ایریا وسیع ہے اس لیے یہ بات حتمی طور پر نہیں کی جاسکتی کہ متوقع بارشوں سے حب ڈیم مزید بھرپائے گا یانہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |