افغانستان میں انتخابات اقوام متحدہ کے زیر نگرانی کرانے کی تجویز

اسٹیک ہولڈرز میں اتفاق رائے کے بعد افغانستان میں عبوری حکومت بھی قائم ہوسکتی ہے، ذرائع


Kamran Yousuf February 04, 2019
مذاکرات میں جس انداز سے پیش رفت ہوئی ہے اس سے افغان صدر اشرف غنی بظاہر پریشان نظر آتے ہیں (فوٹو: فائل)

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آئندہ ماہ دوحا میں ہونے کی توقع ہے۔ آئندہ مرحلے میں افغانستان میں دو عشروں سے جاری جنگ کے خاتمے کی تجاویز پر مزید اور تفصیلی غور ہوگا جب کہ افغانستان میں انتخابات افغان حکومت کے بجائے اقوام متحدہ کے زیر نگرانی کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

گذشتہ ماہ قطر میں ہونے والے مذاکرات میں افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے جہاں امید پیدا ہوئی وہاں اندیشوں نے بھی جنم لیا۔ دوحا میں 6 روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے حوالے سے امریکا اور طالبان دونوں فریقین نے ' پیش رفت' ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

ان مذاکرات کی بنیاد دو مرکزی نکات پر تھی پہلا امریکی افواج کے انخلا کی ٹائم لائن اور دوسرا یہ کہ مغرب اور دیگر ممالک کے خلاف دہشت گرد گروپ افغان سرزمین دوبارہ استعمال نہ کرسکیں تاہم باخبر حکام کے مطابق مذاکرات میں فریقین کے درمیان امن معاہدے طے پاجانے کی صورت میں افغانستان میں اگلے انتخابات اقوام متحدہ کے تحت کرائے جانے کی تجویز بھی زیرغور رہی۔ پاکستان بھی بند دروازے کے پیچھے ہونے والے مذاکرات کا حصہ تھا جس کی کوششوں سے دیرینہ دشمن مذاکرات کی میز پر بیٹھے تھے۔

مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے واقف ایک سینئر اہلکار نے 'ایکسپریس ٹریبیون' کو بتایا کہ مذاکرات میں امن معاہدے کے تمام پہلوؤں پر مشتمل ایک 'وسیع تر فریم ورک' زیربحث رہا۔

واضح رہے کہ طالبان اب تک امن معاہدے کے لیے جاری کوششوں میں افغان حکومت کے ساتھ بیٹھنے سے انکاری رہے ہیں تاہم حکام کے مطابق اگلے مرحلے میں طالبان اور افغان حکومت سمیت تمام گروپ عشروں کی خونریزی کے بعد اپنے ملک کا مستقبل طے کرنے کے لیے سرجوڑ کر بیٹھ سکتے ہیں۔

یہ خبریں بھی گردش کرتی رہی ہیں کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اگر کسی معاہدے پر پہنچ جاتے ہیں تو پھر افغانستان میں عبوری حکومت بھی قائم ہوسکتی ہے تاہم سب سے اہم سوال پھر بھی یہ ہوگا کہ آیا افغان طالبان یا کابل کی موجودہ انتظامیہ طاقت اور اختیار میں شراکت داری پر آمادہ ہوتے ہیں یا نہیں؟

دریں اثنا مذاکرات میں جس انداز سے پیش رفت ہوئی ہے اس سے افغان صدر اشرف غنی بظاہر پریشان نظر آتے ہیں۔ ان کی انتظامیہ کو اس وقت سائیڈلائن کردیا گیا جب کہ وہ رواں برس جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد مزید پانچ سال کے لیے منصب صدارت سنبھالنے کے متمنی ہیں تاہم مشاہدہ کاروں کو یقین ہے کہ صدارتی انتخابات کا مستقبل جاری امن مذاکرات سے وابستہ ہے۔

امریکا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز جولائی سے قبل امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کے حق میں ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ طالبان اس انتخاب میں حصہ لیں گے تاہم ذرائع کے مطابق طالبان نے انتخابی عمل کا حصہ بننے میں کوئی دل چسپی ظاہر نہیں کی اس کے بجائے دوحا میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان کے نمائندے نے امریکا پر اپنا یہ موقف واضح کیا تھا کہ موجودہ نظام کے تحت منصفانہ انتخابات نہیں ہوسکتے۔

طالبان کے تحفظات دور کرنے کے لیے اقوام متحدہ اور دوسرے عالمی اداروں کی نگرانی میں انتخابات کروانے کی تجویز دی گئی تھی۔ طالبان پر اثر رکھنے والے ممالک ان پر انتخابی عمل کا حصہ بننے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے ہیں تاہم طالبان کی جانب سے انھیں واضح اشارے نہیں ملے۔

مذاکراتی عمل میں طالبان کی نمائندگی کرنے والے شیرعباس ستنکزئی نے اس بات پر زور دیا کہ طالبان، افغان حکومت کو تسلیم نہیں کرتے اور توقع رکھتے ہیں کہ امن معاہدے کے بعد افغان فوج کو تحلیل کردیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |