پنجاب بھر میں سردی کی شدت برقرار کئی علاقوں میں دھند کے  ڈیرے

دھند کے باعث شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔


پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد صوبے کے کئی شہروں میں دھند چھائی ہوئی ہے فوٹوفائل

ISLAMABAD: پنجاب بھر میں شدید سردی برقرار ہے جب کہ کئی علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹروے لاہور سے شیخو پورہ، ملتان اور خانیوال موٹروے کو بند کر دیا گیا۔

پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد صوبے کے کئی شہروں میں دھند چھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند ہے۔ مانگا منڈی، پتوکی، ٹرنڈہ محمد پناہ، رحیم یار خان، صادق آباد، حبیب آباد، اختر آباد ،رینالہ، اوکاڑہ، ساہیوال، میاں چنوں اور خانیوال سمیت بستی ملوک، لودھراں، مسافر خانہ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ میں شدید دھند کا راج ہے جس کی و جہ سے موٹروے لاہور سے شیخو پورہ اور ملتان خانیوال موٹروے کو بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کرنے سمیت گاڑی مناسب رفتار پر چلائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم آج سرد اور خشک رہے گا۔ مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے، اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ اوکاڑہ میں 40، لاہورایئرپورٹ پر 18 اور مری میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ مالم جبہ میں 11، مری میں 10 انچ برفباری ہوئی۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت زیارت میں منفی 13 اور قلات میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔