درس گاہوں میں کھانے پینے کی مضر صحت اشیا کی فروخت جاری

مضرصحت اشیاکھانے سے طلباکی صحت کوشدیدخطرہ لاحق ہے


Kashif Hussain December 28, 2018
مضرصحت اشیاکھانے سے طلباکی صحت کوشدیدخطرہ لاحق ہے فوٹوفائل

ISLAMABAD: سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق سندھ بھر میں نجی اور سرکاری اسکولوں ،کالجوں اور جامعات کی کینٹین میں غیرمعیاری اور مضرصحت کھانے پینے کی اشیا فروخت کی جارہی ہیں جن کی وجہ سے سندھ کے سرکاری اسکول اور کالجوں کے 8لاکھ طلبا کی صحت کو خطرہ لاحق ہو گیاہے ،کینٹیوں میں باسی کھانے اور کئی دن پرانے تیل میں بھی اشیا تل کر فروخت کی جاتی ہیں۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے سائنٹفک پینل نے 4 ستمبرکو ہونے والے اجلاس میں جہاں اجینو موتو (monosodium glutamate) ، کھلے گھی ،تیل،مٹھائیوں کی تیاری میں بلیچنگ ایجنٹ کے طور پر سوڈیم ہائیڈروسلفائٹ اور سوڈیم ہائیڈرو کلورائیڈ کے استعمال پر پابندی عائد کی وہیں اسکول اور کالجوں کی کینٹین میں کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس، پاپڑ، ذائقے دار اسنیکس چپس وغیرہ کی فروخت پر پابندی کی سفارش کی تھی،اتھارٹی نے 5ستمبر کونوٹیفکیشن کے ذریعے مذکورہ اشیا کی فروخت پر فوری پابندی عائدکردی تھی تاہم حکم نامہ (نوٹیفکیشن) کو 3ماہ گزرنے کے باوجود سندھ بھر میں اسکولوں اور کالجوں میں کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس، پاپڑ، ذائقے دار اسنیکس چپس کی فروخت جاری ہے۔

ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انفورسمنٹ ٹیمیں جب سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں جاتی ہیں تو یہ جواز پیش کیا جاتا ہے کہ سیکریٹری اسکولز اور کالجز کی جانب سے انھیں اس ضمن میں کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی،سندھ فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ ہفتے کراچی یونیورسٹی میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر کینٹین کا معائنہ کیا اور غیرمعیاری اشیا کی فروخت پر 12کینٹین کے خلاف کارروائی کی ایک کینٹین کو زائد المیعاد مشروبات فروخت کرنے پر سیل کردیا گیا جبکہ دیگرکینٹین کو 5ہزار سے 30 ہزا ر روپے تک کے جرمانے عائد کیے گئے ،سندھ فوڈ اتھارٹی نے قواعد پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے15روز کی مہلت کے ساتھ حتمی نوٹس بھی جاری کیا ، سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ابرار شیخ نے بتایا ہے کہ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے تاحال سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ان اسکولوں اور کالجوں میں کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس، پاپڑ، ذائقے دار اسنیکس چپس کی فروخت جاری ہے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے سیکریٹری کالجز اور سیکریٹری اسکولز کو یاد دہانی کے خطوط بھی ارسال کیے تاہم کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا،نجی اسکولوں کے ڈائریکٹوریٹ نے سندھ فوڈ اتھارٹی کی ہدایت کی روشنی میں نجی اسکولوں کے لیے احکام جاری کردیے ہیں جن میں نجی اسکولوں کو کینٹین پر ممنوعہ اشیافروخت نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی،ابرار شیخ کے مطابق نجی اسکولوں اور جامعات کے معائنے کی مہم جار ی ہے،سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کی صحت محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہ کیے جانے کی وجہ سے داؤ پر لگی ہوئی ہے، اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ کے سالانہ اعدادوشمار کے مطابق سندھ بھر کے سرکاری اسکولوں میں42 لاکھ 29ہزار طلبہ و طالبات زیرتعلیم ہیں۔

نجی اسکولوں میں48 لاکھ 30 ہزار بچے زیر تعلیم ہیں،کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سندھ کے مطابق سندھ کے 5ریجن میں کالجوں کی مجموعی تعداد 293ہے جن میں 3لاکھ 75ہزار کے لگ بھگ طلبہ زیر تعلیم ہیں،ان اعدادوشمار کو مدنظر رکھا جائے توسندھ کے سرکاری اسکولوںاورکالجوںمیںمجموعی طور پر8 لاکھ سے زائد طلبہ کی صحت داؤ پر لگی ہوئی ہے،سیکریٹری ایجوکیشن آفس کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں نومبر 2018میں ہی تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایات جاری کردی گئی تھیں اس بات کا امکان ہے کہ ڈی ای اوز نے یہ ہدایات اسکولوں اور کالجوں کو ارسال نہیں کیں،سندھ فوڈ اتھارٹی اپنے موقف پر قائم ہے کہ سندھ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے سرکاری اسکولوں کے لیے تاحال کاربونیٹڈ سافٹ ڈرنکس ، انرجی ڈرنکس اور اسنیکس کی فروخت پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں