میرپورخاص کے مین بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار پیدل چلنا مشکل ہوگیا

کھسک پورہ، مین مارکیٹ چوک، فروٹ مارکیٹ پر واقع دکانوں کے باہر اسٹال قائم،خواتین کو خریداری میں مشکلات


Express News Desk July 08, 2013
پولیس انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کیے گئے آپریشن کے ایک ہفتے بعد ہی مارکیٹوں میں دوبارہ تجازات قائم کر لیے گئے۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل میرپورخاص کے مین بازاروں میں دکانوں کے سامنے لگے اسٹالوں کی وجہ سے پیدل چلنا انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔

پولیس انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کیے گئے آپریشن کے ایک ہفتے بعد ہی مارکیٹوں میں دوبارہ تجازات قائم کر لیے گئے۔ شہر کے مرکزی بازاروں کھسک پورہ، مین مارکیٹ چوک، فروٹ مارکیٹ پر واقع دکانیں اپنی اصل حد سے10 سے 15فٹ تک باہر ہیں، جہاں کئی دکان مالکان نے اپنی دکانوں کے باہر واقع فٹ پاتھ ٹھیلے والوں کو روزانہ کی بنیاد پر کرائے پر دیئے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے صارفین کا پیدل چلنا دشوار ہوگیا ہے جبکہ پیدل چلنے والی خواتین تنگ راستوں کی وجہ سے اکثر شکایت کرتی نظر آتی ہے مگر بلدیہ اور ضلعی حکومت کی غفلت کے باعث تجاوزات کو ہٹایا نہیں جارہا۔



دوسری طرف اے ایس پی سٹی میرپورخاص وقار قریشی نے گزشتہ ہفتہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر شہر کی مین مارکیٹ، ایم اے جناح روڈ، کھسک پورہ کا اچانک دورہ کر کے تجاوزات ہٹوائے تھے لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے بعد اب واپس صورتحال پہلے جیسی ہونا شروع ہوگئی ہے، جہاں خرید و فروخت کے لیے آئی خواتین کو پھر سے پریشانی کا سامنا ہے اور انکا کہنا ہے کہ اس بار رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بازاروں میں مرد حضرات کا داخلہ منع کیا جائے کیونکہ ہر سال کھسک پورہ اور دیگر بازاروں میں آئی خواتین کے ساتھ نازیبا واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، پولیس تجاوزات کے خلاف ایسے اقدامات کرے جس سے تجاوزات کا مستقل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔