چین پاکستان کے مسائل سے لا تعلق نہیں ایف پی سی سی آئی

پاکستان کی صنعتی اور زرعی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی،کریم عزیز ملک


این این آئی November 18, 2018
پاکستان کی صنعتی اور زرعی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی،کریم عزیز ملک۔ فوٹو: فائل

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدرکریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے مسائل سے لا تعلق نہیں ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر کریم عزیز ملک نے چین کے حالیہ دورے کے بعد کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہے، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے اور چین پاکستان کو مستحکم دیکھنے کا خواہشمند ہے۔ اس لیے یہ دوست ملک ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

کریم عزیز ملک نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اہم عہدیدار وانگ کن منگ سمیت متعدد اعلیٰ عہدیداروں، سفارتکاروں، صنعتکاروں اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں انھیں پاکستان کے بارے میں فکر مند اورپاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کیلیے ہر ممکن تعاون پر تیار پایا۔چین نہ صرف پاکستان کیلیے ایک بڑا قتصادی پیکج تیار کر رہا ہے جس سے معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ پاکستان سے درامدات کو بڑھانا چاہتا ہے تاکہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی عدم توازن کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چینی حکام نے یقین دلایا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کو نہ صرف موجودہ بحران سے نکلنے میں بھر پور مدد دے گا بلکہ مستقبل میں بھی ہمارے مسائل حل کرنے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔چین کے ون بیلٹ اینڈ ون روڑ پراجیکٹ کا20 فیصد صرف پاکستان میں لگایا جا رہا ہے جس میں خاطر خواہ اضافہ بھی ہو سکتا ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا جبکہ اس منصوبے میں پاکستان کی جانب سے دیگر ممالک کی شمولیت کا احترام کرتے ہیں جس پر اگلے ماہ تفصیلی مذاکرات ہوں گے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی صنعتی اور زرعی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل نے کہا کہ ٹی ڈیپ چین میں سنگل کنٹری نمائشیں لگائے جس میں ہر صوبے کی نمائندگی ہو تاکہ برامدات بڑھائی جا سکیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔