آپ یہ سب آسانی سے کر سکتی ہیں

اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو شوق اور دل چسپی کے میدان میں ضرور آزمائیں


سمیرا انور October 23, 2018
اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو شوق اور دل چسپی کے میدان میں ضرور آزمائیں۔ فوٹو: فائل

گھروں میں روزمرہ کاموں کے ساتھ خواتین اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے نت نئے آئیڈیاز پر کام کرسکتی ہیں جس سے ایک طرف تو وہ اپنے وقت کو مثبت اور تعمیری انداز میں صرف کریں گی اور دوسری طرف ان میں سے بعض آئیڈیاز ایسے ہیں جو مالی طور پر فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں کئی ویب سائٹس اور ان پر موجود مضامین اور ویڈیوز ایسی خواتین کی راہ نمائی کر رہی ہیں جو گھروں میں رہ کر تعمیری اور مفید سرگرمیاں انجام دینا چاہتی ہیں اور مختلف آئیڈیاز پر کام کر کے خود کو منوانا چاہتی ہیں۔ تاہم جدت اور کسی مسئلے کو حل کرنے کی صلاحیت ہی اصل میں آپ کو دوسروں سے نمایاں کرتی ہے۔

جس کام میں آپ زیادہ دل چسپی محسوس کریں تو اسے مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں، کیوں کہ یہی آپ کی استعداد، ہنر اور صلاحیت کا بہتر اور درست استعمال ہے اور کسی بھی کام میں آپ کی مستقل مزاجی کا اظہار بھی ہے۔

سوچ بچار اور مشکلات پر اعتماد سے قابو پانا ہی آپ کی شخصیت کو سب سے منفرد بناتا ہے۔ جب آپ جان لیں کہ آپ ایک تخلیق کار ہیں تو پھر اپنا سفر شروع کر دیں اور مستقل مزاجی سے کام کریں۔ نئے نئے خیالات اور اختراعات پر توجہ دیں۔ تلاش کرنے، ٹٹولنے اور توڑ پھوڑ کے ساتھ جوڑنا ہی کسی تخلیقی ذہن کا کام ہے۔

اگر گھر کا ماحول بالعموم مثبت ہو اور آپ اپنے تجربات کے ذریعے ماحول سے آگاہی حاصل کر رہے ہوں تو یہی آپ کے منفرد اور باصلاحیت ہونے کا ثبوت ہے اور ان کا درست استعمال مفید اور کارآمد ہو سکتا ہے۔ یہ صرف انفرادی ہی نہیں بلکہ اجتماعی فوائد کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

اپنے گھر کی ہی مثال لیں کہ ہم اپنے بچوں کو اوّل آنے اور سب سے نمایاں کارکردگی دکھانے کی ترغیب تو دیتے ہیں لیکن سوچنے اور سمجھنے کے ساتھ سوال قائم کرنے کو اہمیت نہیں دیتے۔ پرانی چیزوں کو نئے انداز میں پیش کرنا یا جدت کا اظہار کرنا کسی کے تخلیقی ذہن کی طرف ہی تو اشارہ ہے۔

ایسی خواتین اگر اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر ان کا درست استعمال کریں تو فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔ اس کے برعکس عام لوگ چیزوں میں سادگی، تسلسل اور ترتیب کو پسند کرتے ہیں۔ وہ ابہام اور تضاد سے دور بھاگتے ہیں اور سوال قائم کرنے اور کسی چیز میں جدت طرازی اور غور و فکر سے گریز کرتے ہیں۔

جب آپ اپنی صلاحیتوں کو پہچان لیں تو ان کی جانچ کرنے کے لیے تیار ہو جائیں اور کوئی راستہ ڈھونڈیں۔ سوچیں کہ کیا آسان ہے۔ کس طرح آپ خود کو منوا سکتی ہیں۔ اپنی دل چسپی اور سہولت پر غور کریں۔ کیوں کہ تخلیقی ذہن جب تک ایک پلیٹ فارم پر کام نہ کرے وہ منتشر رہتا ہے۔

اگر آپ آرٹ کی شوقین ہیں، خوب صورت فن پارے بنانے میں دل چسپی رکھتی ہیں تو اس سے نہ صرف خود فائدہ اٹھائیں بلکہ اگر آپ اس میں ماہر ہو گئی ہیں تو دوسروں کو بھی یہ سکھا سکتی ہیں اور انہیں بھی تخلیقی سرگرمیوں اور مثبت کاموں کی طرف راغب کر سکتی ہیں۔

خواتین جو ایسے کسی فن اور تخلیقی کام میں دل چسپی رکھتی ہیں اپنے گھریلو کام کاج کے بعد کچھ وقت نکال کر قریبی آرٹ اکیڈمی جا سکتی ہیں جہاں اپنے شوق اور صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔ اگر آپ فیشن اور کپڑوں کی ڈیزائننگ کا شوق رکھتی ہیں تو اسے بہتر انداز سے اپنائیں اور باقاعدہ سیکھیں۔

ہمارے ہاں سلائی سینٹر اور فیشن ڈیزائننگ سکھانے والے ادارے موجود ہیں جب کہ خواتین کسی بوتیک کا رخ بھی کر سکتی ہیں جہاں موجود ڈریسز دیکھنے سے ان کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ کوشش کریں کسی طرح چند گھنٹے نکالیں اور اپنی مصروفیات کے ساتھ اس طرف بھی توجہ دیں۔ یہ نہ صرف جدید فیشن اور سلائی کڑھائی کے نئے انداز سے آگاہی کا باعث بنے گا بلکہ آپ کی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ اور اس کام میں آپ کی لگن اور دل چسپی کا سبب بنے گا۔

بعض خواتین گھر کی سجاوٹ اور آرائشی اشیا کی تیاری میں دل چسپی رکھتی ہیں۔ اگر آپ اسے باقاعدہ سیکھیں اور چھوٹے پیمانے پر اسے کاروبار کی شکل دیں یا اسی فن میں مہارت حاصل کرنے کے بعد دوسروں وک سکھانے کا سلسلہ جاری شروع کریں تو مالی طور پر فائدہ ہو سکتا ہے اور ساتھ ہی اپنے گھر کو بھی منفرد انداز سے سجاتی رہیں گی۔

اگر صرف اپنے ذوق کی تسکین اور گھر کی حد تک ڈیکوریشن اور آرائش کا سلسلہ جاری رکھیں تو یہ بھی آپ کا ہی فائدہ ہے۔ بچوں کے کمروں کی سجاوٹ پر بھرپور توجہ دیں۔ انہیں مختلف رنگوں کی اشیا سے سجائیں اور اپنی گھر میں تیار کردہ آرائشی چیزوں سے آراستہ کریں۔

انہیں مخلتف رنگوں کے کارڈ بنا کر دیں جس میں وہ دل چسپی لینے کے ساتھ کچھ سیکھ بھی سکیں۔ اس طرح شروع ہی سے بچوں میں آرٹ کا شعور بیدار کیا جاسکتا ہے اور وہ اسے سیکھنے کی طرف متوجہ ہوسکتے ہیں۔ فائن آرٹ کے نمونوں سے اپنے گھر کے مختلف کمروں کو سجانا بھی آپ کے ذوق کی عکاسی کرتا ہے۔ باورچی خانے میں مصنوعی پھلوں اور سبزیوں کی تصاویر تو سبھی لگاتے ہیں۔ آپ کیوں نہ کچھ الگ کریں۔ اگر آپ فائن آرٹ میں دل چسپی رکھتی ہیں تو خود کوئی تصویر جو کچن سے متعلق ہو بنائیں یا کسی بھی استعمال شدہ چیز، جیسے پلاسٹک کی بوتل، موم، لکڑی وغیرہ سے تیار کردہ فن پارہ بھی کہیں سجایا جاسکتا ہے۔

مسالہ جات کے ڈبوں کو پینٹ کرکے ایک نیا روپ دیں۔ مختلف رنگوں سے ان پر مسالے کا نام لکھ دیں۔ یہ جہاں کچن کی خوب صورتی میں اضافہ کرے گا، وہیں ایک تخلیقی کام بھی ہے۔ یہ آنکھوں کو خوش گوار احساس بخشے گا اور آپ کو اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کا موقع دے گا۔ ڈرائنگ روم پر خصوصی توجہ دیں کیوں کہ یہاں مہمانوں کی بیٹھک ہوتی ہے۔ اگر آپ جدت طراز ہیں اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرنا جانتی ہیں تو لکڑی کی الماریوں پر منفرد انداز سے ڈیزائنگ کی جاسکتی ہے۔ گل دان بھی آپ کے ہاتھوں کی مہارت سے کمرے کی سجاوٹ میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

اگر آپ ذائقے اور چٹخاروں کے ساتھ نت نئے پکوان کرسکتی ہیں تو یہ نہ صرف گھر اور خاندان بھر میں آپ کی واہ وا کا سبب بن سکتا ہے بلکہ یہ روزگار کا ذریعہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اگر آپ ایک ماں ہیں تو پھر اپنے بچوں کا دل جیت سکتی ہیں۔ ان کے لیے اچھے کھانے بنائیں اور باہر کے کھانوں کی عادت ختم کریں جو ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں تربیتی ورکشاپس سے استفادہ کریں اور انٹرنیٹ سے بھی مدد لے سکتی ہیں۔ اگر آپ نے کوئی نئی ڈش بنا لی ہے اور اسے دوسروں کے سامنے رکھنا چاہتی ہیں تو کوکنگ سینٹرز میں ہونے والے مقابلوں میں حصہ لیں اور اسے متعارف کروائیں۔

باغبانی ایک ایسا فن ہے جو فطرت سے قریب تر رہنے کا موقع دینے کے ساتھ آپ کو خوش اور تروتازہ بھی رکھتی ہے۔ اپنے لان یا گھر کے مختلف حصوں کی خوب صورتی کے لیے گملوں اور کیاری کا خیال رکھیں۔ پھول دار بیلوں سے صحن سجائیں اور گملوں میں ہر موسم کے پھول اگائیں۔ اس کے کئی فائدے ہوں گے اور پُرسکون اور تازہ ماحول آپ کا استقبال کرے گا۔ شجر کاری وقت اہم ضرورت ہے اور آپ اس سلسلے میں اپنے گھر سے آغاز کرتے ہوئے دوسروں کو بھی اس طرف راغب کر سکتی ہیں۔

اپنی ہم مزاج اور ہم خیال خواتین کے ساتھ مل کر اپنے محلے اور دیگر مقامات پر شجر کاری کا منصوبہ بنائیں اور اپنی بساط اور حیثیت کے مطابق اس میں حصہ لیں۔ یقین جانیے جہاں آپ کو انفرادی طور پر پزیرائی ملے گی وہیں یہ معاشرے میں بڑی تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔ الغرض آپ اپنے ذہن اور صلاحیتوں کو استعمال کرکے اپنا وقت تعمیری سرگرمیوں میں صَرف کرسکتی ہیں جو انفرادی اور اجتماعی سطح پر مثبت تبدیلی کی مثال بن سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |