سندھ اسمبلی میں 165 ارکان کے ایوان میں 64 اراکین ’’بے کار‘‘ ہیں رپورٹ

91 ارکان کے پاس کروڑوں مالیت کی135 گاڑیاں، 7ارکان موٹرسائیکل سوار ہیں۔


وکیل راؤ September 21, 2018
عذرا فضل سمیت13 سابق وموجودہ وزرا بھی بے ’کار‘ہیں،فریال کے پاس 3گاڑیاں ہیں۔ فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی کے ارکان کی گاڑیوں سے متعلق دلچسپ معلومات سامنے آگئی، 165 کے ایوان میں64 ارکان کے پاس کوئی گاڑی ہی نہیں جبکہ91 ارکان کے پاس کروڑوں روپے مالیت کی135 سے زائد گاڑیاں ہیں۔

ارکان سندھ اسمبلی کی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی اثاثوں کی تفصیلات سے مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ کی وزیرصحت اور سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ ڈاکٹر عذرا فضل کی ملکیت میں کوئی گاڑی نہیں جبکہ حیران کن طور پر سندھ کے سابق وزیر بلدیات جام خان شورو، فیاض بٹ، امداد پتافی، گیان چندایسرانی، شاہدتھہیم، غلام شاہ جیلانی کے پاس بھی کوئی گاڑی نہیں ہے۔

سندھ کابینہ کے موجودہ ارکان اسماعیل راہو، ناصر حسین شاہ،،مکیش کمار چاولہ، شہلارضا اور شبیربجارانی نے بھی اپنے اثاثوں میں گاڑی کی ملکیت کا ذکر نہیں کیا۔ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے97ارکان میں سے 39 ارکان کے پاس کوئی گاڑی نہیں جبکہ 54 ارکان اسمبلی کے پاس88 سے زائد گاڑیاں ہیں جن کی مالیت 35 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ تحریک لبیک کے 3 ارکان اسمبلی میں سے ایک رکن مفتی قاسم فخری 20 ہزار روپے مالیت کی موٹرسائیکل کے مالک جبکہ یونس سومرو کے پاس ایک اور ثروت فاطمہ کی ملکیت میں کوئی گاڑی نہیں ہے۔

اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق ایم ایم اے کے واحد رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے پاس بھی کوئی گاڑی نہیں ہے ایم کیوایم کے 8ارکان اسمبلی کے پاس بھی کوئی گاڑی نہیں جبکہ ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر کنورنوید جمیل 35 لاکھ روپے مالیت کی گاڑیوں کے مالک ہیں، ایم کیوایم کے راشد خلجی، عبدالباسط صدیقی اور عدیل شہزاد کے پاس صرف موٹرسائیکل ہے، ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی کے پاس 13گاڑیاں ہیں جنکی مالیت ایک کروڑ34 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

وفاق میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں ارکان کی تعداد 29 ہے ان کے 12 ارکان کے پاس کوئی گاڑی نہیںہے، پی ٹی آئی کے16 سے زائد ارکان گاڑیوں کے مالک ہیں ان ارکان کی گاڑیوں کی مالیت 7 کروڑ 52باون لاکھ روپے سے زائد ہے حیران کن طور پر تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ سمیت 3 خواتین ارکان کی ملکیت میں بھی کوئی گاڑی نہیں ہے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سندھ اسمبلی میں موجود3 ارکان کے پاس کوئی گاڑی نہیںہے جن میں سابق وزیراعظم غلام مصطفی جتوئی کے صاحبزادے عارف مصطفی جتوئی،نند کمار اور عبدالرزاق راہموں شامل ہیں جبکہ دیگر ارکان کے پاس11 سے زائد گاڑیاں اور ان کی مجموعی مالیت 4 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ پیپلزپارٹی کی خاتون رکن اسمبلی و رہنما فریال تالپور کے پاس ایک کروڑ سے زائد مالیت کی3گاڑیاں ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |