عبدالواحد کا مشن جاری رہے گا مقتول کے ورثا کا عزم

پیرآباد میں نامعلوم ملزمان نے اسکول کے ایڈمنسٹریٹر کو ہلاک کردیا تھا.


Raheel Salman May 16, 2013
مقتول عبدالواحد ۔ فوٹو : راحیل سلمان / ایکسپریس

اورنگی ٹاؤن اسلامیہ کالونی میں فائرنگ سے ہلاک کیے جانے والے اسکول ایڈمنسٹریٹر کے ورثا نے دہشت گردوں کے آگے ہتھیار ڈالنے کے بجائے اسکول میں تعلیم جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔

انھوں نے کہا ہے کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا عبدالواحد کا مشن جاری رہے گا ، تفصیلات کے مطابق 13 مئی کو اورنگی ٹاؤن اسلامیہ کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے نونہال سیکنڈری اسکول کے ایڈمنسٹریٹر عبدالواحد ولد عبدالقیوم کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فرار ہوتے وقت ٹینس بال بم بھی پھینکاتھا ۔

واقعے میں مقتول کا بھائی نصیب تاج اور مقتول کی ڈھائی سالہ بیٹی عریشہ زخمی ہوگئے تھے ، گزشتہ روز اسکول میں مقتول کے بھائی اور دیگر ورثا نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشت گردوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور اپنے بھائی کا بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا مشن جاری رکھیں گے، جمعرات کو سوئم کے بعد جمعہ سے اسکول معمول کے مطابق کھل جائے گا اور تمام تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گا، مقتول کے بھائی عبدالوہاب نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق ضلع ہزارہ کالا ڈھاکا سے ہے اور وہ 1982 میں کراچی منتقل ہوئے تھے۔



، مقتول 7 بھائیوں میں چوتھے نمبر پر اور وہ 3 بچوں کا باپ تھا ، ان کا بھائی عبدالواحد 1990 سے درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ تھا اور مذکورہ اسکول بھی کافی عرصے سے چلا رہا تھا ، عبدالواحد علاقے میں سماجی و فلاحی کاموں میں انتہائی پیش پیش رہتا تھا جبکہ وہ 2002 سے 2004 کے دوران کونسلر رہ کر بھی علاقے کی خدمت کرچکا ہے ، مقتول واحد کی بیوہ اسکول میں پرنسپل ہے اور وہ بھی اپنے فرائض معمول کے مطابق جاری رکھیں گی ۔

عبدالوہاب نے مزید بتایا کہ مقتول کی نماز جنازہ و تدفین میں عزیز اقارب کے علاوہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، مقتول کو پیر کی ہی شب علاقے میں قائم پراچہ قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کردیا گیا، علاوہ ازیںمقتول عبدالواحد نے مختلف ملکی و غیر ملکی این جی اوز کے تعاون سے علاقے میں بے شمار فلاحی کام کیے ، طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے میڈیکل اینڈ میٹرنٹی ہوم جبکہ پولیو کے خاتمے کے لیے '' پولیو ریسورس سینٹر '' بھی قائم کیا ، مقتول اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ کے ذیلی ادارے اورنگی چیئرٹیبل ٹرسٹ کا منیجر بھی تھا۔

مقتول 2005 میں ہونے والے زلزلے کے وقت بھی ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے گیا تھا ، مقتول نے ہزارہ میں لائیو اسٹاک کے میدان بھی خدمات انجام دیتے ہوئے زلزلے کے بعد 2000 متاثرین میں پالتو جانور بھی تقسیم کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں