زیریں سندھ انتخابی دھاندلیوں کیخلاف مظاہرے جاری کئی شہروں میں ہڑتال

کئی گھنٹے ٹریفک معطل، پی پی نے ریکارڈ دھاندلی کی، مظاہرین، دوبارہ انتخابات کا مطالبہ


Nama Nigaran May 15, 2013
مسلم لیگ نون کے رہنما ڈاکٹر عرفان گل مگسی کی اپیل پر ٹنڈوالہیار شہر میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی۔ فوٹو: فائل

COLOMBO: الیکشن میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو جام میں ہڑتال اور کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ٹنڈو محمد خان میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف فنکشنل مسلم لیگ کی اپیل پر شہر میں مکمل شٹر بند ہڑتال رہی، تمام کاروباری مراکز بند رہے، تاہم سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہا۔ اس موقع پر پی ایس 53 سے فنکشنل مسلم لیگ اور 10 جماعتی اتحاد کے متفقہ امیدوار میر عنایت علی تالپور کا کہنا تھا کہ عوام ان کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی نے اس حلقے میں ریکارڈ دھاندلی کرائی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر پی ایس 53 میں دوبارہ انتخابات کرائیں۔ مسلم لیگ نون کے رہنما ڈاکٹر عرفان گل مگسی کی اپیل پر ٹنڈوالہیار شہر میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی، سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہی۔ عمر ساند کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 راہ گیر زخمی ہو گئے۔ عرفان گل مگسی کی قیادت میں کیریا شاخ پر دھرنا دیا گیا۔ جس کے باعث کئی گھنٹے ٹریفک معطل رہی۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ریکارڈ دھاندلی کرائی اور اپنے امیدواروں کو جتوانے کے لیے تمام غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹنڈوالہیار میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔



ٹنڈو جام میں آزاد امیدوار خاوند بخش جہیجو کے حامیوں کی اپیل پر شہر میں ہڑتال کی گئی۔ خاوند بخش جہیجو کی قیادت میں حیدرآباد میرپورخاص روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا گیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے کارکنان نے پی ایس 27 میں دھاندلیوں کے خلاف سکرنڈ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا اور ٹائر نذر آتش کیے۔

دھرنے کے باعث 2 گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی۔ لیاقت روڈ کوٹری میں پی پی کی ریلی کے دوران نون لیگ کی ریلی کے شرکاء میں ٹکرائو ہو گیا، تلخ کلامی اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے گئے، تاہم اس سے قبل کہ یہ تلخ کلامی بڑے جھگڑے کی صورت اختیار کرتی پولیس پہنچ گئی اور فریقین وہاں سے روانہ ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں