پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں ناقص حفاظتی اقدامات

میٹل ڈیٹکٹر نہ ہونے کے باعث سینٹر کے اندر داخل ہوتے وقت تلاشی بھی نہیں لی جاتی۔


Raheel Salman May 15, 2013
سینٹر کی چار دیواری میں جگہ جگہ سوراخ ہونے کے علاوہ اونچائی انتہائی کم جبکہ خاردار تار بھی نصب نہیں ہیں۔ فوٹو: فائل

شہر کے حساس ترین ضلع غربی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں حفا ظتی انتظامات انتہائی ناقص ہونے کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔

سینٹر کی چار دیواری میں جگہ جگہ سوراخ ہونے کے علاوہ اونچائی انتہائی کم جبکہ خاردار تار بھی نصب نہیں ہیں، سینٹر کے درمیان سے بہنے والا نالا بھی انتہائی خطرناک ہے ، ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ جلد ہی حفاظتی انتظامات بہتر کرلیے جائیں گے ، تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن شہر کراچی کے انتہائی حساس ترین ضلع غربی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص ہونے کی وجہ سے کسی بھی وقت سینٹر میں یا سینٹر کے اطراف کوئی غیر معمولی صورتحال یا ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔

316 ایکڑ پر پھیلے ٹریننگ سینٹر کی زمین کے 306 ایکڑ کالج کے زیر استعمال ، 4 ایکڑ رینجرز جبکہ 6 ایکڑ ٹریفک انسٹرکٹرز کے زیر استعمال ہے ،سینٹر کی چار دیواری کی مجموعی اونچائی ہی صرف 5 فٹ7 انچ ہے جوکہ کم از کم 7 فٹ ہونی چاہیے ، چار دیواری پر مکمل طور پر خاردار تار بھی نصب نہیں ہے جبکہ سینٹر کی چار دیواری میں جگہ جگہ سوراخ بھی ہیں ،سینٹر کی حفاظت کی غرض سے واچ ٹاور بھی مطلوبہ تعداد میں مکمل نہیں ہیں جبکہ رات کے اوقات میں بڑی سرچ لائٹس بھی نصب نہیں ہیں ۔

میٹل ڈیٹکٹر نہ ہونے کے باعث سینٹر کے اندر داخل ہوتے وقت تلاشی بھی نہیں لی جاتی جبکہ موٹر وہیکل سیکشن میں آنے اور جانے والی گاڑیوں کی بھی یہی صورتحال ہے ،سینٹر میں آزادانہ طور پر نقل و حرکت جاری رہنے کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے ، سینٹر کے عین درمیان سے ایک نالہ بھی بہتا ہے جس سے کوئی بھی مشتبہ شے پانی کے بہاؤ پر سینٹر میں بھیجی جاسکتی ہے ، سینٹر کے اطراف کثیر المنزلہ عمارتیں بھی سیکیورٹی رسک بنتی جارہی ہیں ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ سینٹر کے اطراف کچی آبادیوں کی اسپیشل برانچ سے کوئی سیکیورٹی کلیئرنس بھی حاصل نہیں کی گئی اور اطراف میں کوئی بھی شخص آکر آباد ہوجاتا ہے۔



جس کا کوئی ڈیٹا مقامی پولیس کے پاس نہیں ہے ، پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں دور حاضر کی جدید ترین ایجاد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں ہیں ، ذرائع نے کہا کہ 2010 میں 8 کیمرے لگائے گئے تھے جو کہ اب خراب ہوگئے ہیں جبکہ سینٹر میں مزید 8 کیمروں کی ضرورت ہے ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ سینٹر کے حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص ہیں جنھیں فوری طور پر اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے ،اس سلسلے میں ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو نے کہا کہ پولیس کی جانب سے سینٹر پر حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

تاہم فنڈ کی کچھ کمی کا سامنا ہے،جلد ہی صورتحال بہتر کرلی جائے گی،سینٹر کے درمیان سے بہنے والے نالے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جلد ہی انتظامیہ سے اس معاملے پر بھی بات چیت کی جائے گی جبکہ سینٹر کے اطراف کی آبادی کی اسپیشل برانچ کے ذریعے بھی تصدیق کرائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں