پر امن انتخابات کا انعقاد سندھ میں سیکیورٹی اقدامات پر9کروڑ روپے خرچ ہوئے

ریٹائرڈ اہلکاروں سمیت 36 ہزار 800 افراد کی خدمات پر ایک کروڑ 84 لاکھ خرچ ہوئے


Raheel Salman May 14, 2013
نفری کو الیکشن کے دوران ڈیوٹی کے مقام پر بروقت پہنچانے کیلیے پولیس کی گاڑیوں کے علاوہ پرائیویٹ گاڑیاں بھی حاصل کی گئیں. فوٹو: فائل

میٹروپولیٹن شہر کراچی سمیت صوبے بھر میں عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی کی مد میں ساڑھے 9 کروڑ سے زائد رقم صرف ہوئی ۔

جبکہ سندھ پولیس نے2 روز کیلیے 36 ہزار سے زائد ریٹائرڈ پولیس افسران و دیگر افراد کی خدمات حاصل کیں جنھیں ان کی خدمات کا معاوضہ ادا کیا گیا، سندھ میں 92 ہزار پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض انجام دیے،11 مئی کو منعقدہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کی مد میں کراچی سمیت صوبے بھر میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے اخراجات کی مد میں صرف ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کیلیے پولیس کو اضافی نفری کی ضرورت تھی، ٹرانسپورٹیشن ، کھانے پینے سمیت دیگر اخراجات کیلیے بھاری رقم کی ضرورت تھی جس پر سندھ پولیس نے حکومت سے 20 کروڑ روپے طلب کیے تھے تاہم 9 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم 9 مئی کو سندھ پولیس کو مل گئی تھی ،انتخابات کے لیے 36 ہزار 800 افراد کی خدمات2 دن کے لیے حاصل کی گئیں۔



جن میں ریٹائرڈ پولیس افسران و اہلکار شامل ہیں جبکہ پولیس میں بھرتی کے خواہش مندامیدواروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں، مذکورہ تمام افراد کو 500 روپے فی کس ادا کیے گئے، مجموعی طور پر ایک کروڑ 84 لاکھ روپے خرچ ہوئے،پولیس کی گاڑیوں میں پٹرول و ڈیزل کی فراہمی کے سلسلے میں ایک کروڑ 14 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

نفری کو الیکشن کے دوران ڈیوٹی کے مقام پر بروقت پہنچانے کیلیے پولیس کی گاڑیوں کے علاوہ پرائیویٹ گاڑیاں بھی حاصل کی گئیں جن کے کرائے کی مد میں ایک کروڑ 32 لاکھ ادا کیے گئے، پولیس کی پوری نفری کیلیے 2 روز کے دوران کھانے پینے کے اخراجات کی مد میں ایک کروڑ 68 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

عام انتخابات سے قبل پولیس کی ناکارہ گاڑیوں کو قابل استعمال بنانے کیلیے مرمت پر2 کروڑ کے اخراجات آئے، ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ ایک کروڑ روپے دیگر اخراجات کی نذر ہوئے، صوبے بھر میں 92 ہزار پولیس افسران و اہلکاروں نے انتخابات کے دوران اپنے فرائض انجام دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں