’’کریم‘‘ کا انتخابات کے دن مفت سواری فراہم کرنے کا اعلان

سہولت کا مقصد ہر پاکستانی کو حق رائے دہی کیلیے گھروں سے پولنگ اسٹیشن تک سہولت فراہم کرنا ہے۔


Kashif Hussain July 19, 2018
سہولت کا مقصد ہر پاکستانی کو حق رائے دہی کیلیے گھروں سے پولنگ اسٹیشن تک سہولت فراہم کرنا ہے۔ فوٹو : فائل

LAHORE/KARACHI: سواری کی سہولت فراہم کرنے والی رائڈ سروس نے الیکشن میں حق رائے دہی استعمال کرنے کیلیے گھروں سے پولنگ اسٹیشن تک آمد و رفت کی مشکل کا حل پیش کر دیا ہے، سواری کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنی کریم نے 25 جولائی کو مفت سواری کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کریم نے اپنی اس سروس کو ''جمہوریت کار ''کا نام دیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلیے ہر پاکستانی کو ووٹ کا حق استعمال کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے، کریم کی جمہوریت کار سروس ملک کے11شہروں میں دستیاب ہوگی جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، پشاور، حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، کوئٹہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔

کریم نے جمہوریت کار سروس کیلیے رضاکاروں کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے، انتخاب کے دن ووٹرز کو گھروں سے پولنگ اسٹیشن لے جانے اور پولنگ اسٹیشن سے واپس لانے کی سہولت فراہم کرنے کیلیے رضا کارانہ خدمات پیش کرنے والے رائڈرز کو کمپنی کسی قسم کا معاوضہ ادا نہیں کرے گی۔

اسی طرح اس سہولت سے استفادہ کرنے والے مسافروں سے بھی کسی قسم کے چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے، جمہوریت کار سروس کیلیے رضاکاروں کی رجسٹریشن چھان بین کے عمل سے گزار کر مکمل کی جائے گی، کریم نے واضح کیا ہے کہ اس سہولت کا مقصد انتخابی عمل میں حق رائے دہی کو آسان بنانا ہے۔

اس سروس کے بارے میں رابطہ کرنے پر ترجمان کریم نے کہا کہ ''کریم لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانا چاہتا ہے، ہم ایک کمیونل برانڈ ہیں اور اپنی کمیونٹی کیلیے کام کرنا ہمارا اہم مقصد ہے، الیکشن کے دوران لوگوں کو سستی اور آرام دہ سواری فراہم کرنے اور آمد و رفت میں مدد کرنے کیلیے یہ کار ٹائپ بنائی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں