زرداری اپنے والد کا بدلہ پیپلز پارٹی سے لے رہے ہیں پگارا

آصف علی زرداری اپنے والد حاکم علی زرداری کو ماضی میں پیپلزپارٹی سے نکالے جانے کا بدلہ پیپلزپارٹی سے لے رہے ہیں


عمرکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب، شاہ محمود قریشی و دیگر کا بھی اظہار خیال فوٹو : فائل

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیرپگارا نے انکشاف کیاہے کہ آصف علی زرداری نے غیرملکی قوتوں کو دوسری بار اقتدار دلانے کی صورت میں نیوکلیئربم ان کے حوالے کروانے کی پیشکش کی ہے جبکہ مخدوم امین فہیم پیپلزپارٹی سے الگ ہوناچاہتے تھے لیکن وقت نے انہیں مہلت نہ دی اور وہ انتقال کرگئے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے عمرکوٹ میں جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے تحت ہونے والے بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر پگارا نے انکشاف کیا کہ مخدوم امین فہیم اپنی زندگی کے آخری دن نہایت کرب سے گزاررہے تھے اورپی پی سے علحیدہ ہونا چاہتے تھے لیکن وہ انتقال کرگئے۔ آصف علی زرداری اپنے والد حاکم علی زرداری کو ماضی میں پیپلزپارٹی سے نکالے جانے کا بدلہ پیپلزپارٹی سے لے رہے ہیں۔ زرداری کچھ دنوں پہلے اعلان کررہے تھے کہ آئندہ ہماری حکومت ہوگی، دراصل وہ لابنگ کمپنیوں پر اربوں روپے خرچ کررہے تھے کہ کسی بھی طریقے سے مجھے دوسرا چانس دلاؤ۔ انھوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سوچیں کہ میاں صاحب جیسے بڑے لیڈر کے ساتھ عدالت نے کرپشن کے معاملے پر جو کیاہے تو زرداری کے ساتھ کیاہوگا۔

جلسے سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین وعمرکوٹ سے قومی اسمبلی کے امیدوار شاہ محمودقریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی ایمان ہے کہ ﷲ کے بعد طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، بلاخوف وتردید یہ عمر کورٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے، عمرکوٹ سے ارباب غلام رحیم، دوست محمد میمن اورجادم منگریوبھی کامیاب ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ آج حر جماعت اورغوثیہ جماعت میں جو محبت ہے وہ تبدیلی ہے اوریہ تبدیلی سندھ میں کایا پلٹ سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی بتائے اس نے 10 سال میں عمرکوٹ کے عوام کے لیے کیاکیا؟۔ دوہزار اٹھارہ میں سندھ اورپاکستان کے عوام سیاست کو نیا رخ دے سکتے ہیں۔ جلسے سے فنکشنل لیگ سندھ کے صدر پیرصدر الدین شاہ راشدی، سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم این اے لعل مالہی، پیرمجددجان سرہندی، جیلانی جماعت کے پیرتاج حسین شاہ جیلانی، ڈاکٹردوست محمدمیمن، جادم منگریو نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں