الیکشن کمیشن کا کارنامہ لاپتہ و انتقال کرجانے والے ملازمین کی بھی انتخابی ڈیوٹی

الیکشن کمیشن کی نااہلی سے ریٹرننگ افسران اورعدالتی عملے پر کام کا بوجھ بڑھ گیا۔


Arshad Baig July 08, 2018
سرکاری محکموں کے معذور ملازمین کانام بھی انتخابی عملے میں شامل ، معذور ملازمین انتخابی ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کی نااہلی کے باعث ریٹرننگ افسران اور عدالتی عملے پر کام کے بوجھ میں اضافہ ہوگیا، سرکاری محکموں نے پرانی فہرست فراہم کردی ، انتقال کرجانے والے ملازمین ،معذور،لاپتہ افراد اور رٹائرڈملازمین کو بھی انتخابی ڈیوٹی میں شامل کردیا۔

الیکشن کمیشن کی نااہلی کے باعث ریٹرننگ افسران اور عدالتی عملے پر کام کا بوجھ بڑھ گیا، سرکاری محکموں نے پرانی فہرست فراہم کردی ،انتقال کرجانے والے ملازمین ،معذور، لاپتہ افراد اور رٹائرڈ ملازمین کو بھی انتخابی ڈیوٹی میں شامل کردیا،الیکشن کمیشن نے الیکشن حوالے سے 5برس میں ماڈل کام سرانجام نہیں دیا جس کے باعث آر اوزاور عدالتی عملے پر کام کا بوجھ بڑھ گیا۔

کئی سرکاری محکموں نے جانچ پڑتال کیے بغیر انتخابی ڈیوٹی کے لیے اپنے سرکاری ملازمین کی پرانی فہرستیں الیکشن کمیشن کو فراہم کیں الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین کی حاضری نظرانداز کرتے ہوئے اور کراس چیک کیے بغیر فہرستیں آر اوز کو فراہم کردیں فراہم کردہ فہرستوں کے مطابق کئی ملازمین انتقال کرچکے ہیں،کئی ملازمین لاپتہ ہیں ،کئی ملازمین معذور ہیں جن میں سے کئی معذور ملازمین آر اوز کے روبرو پیش ہوئے جنھیں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کرنا مناسب نہیں تھا۔

آر اوز نے ان کی معذوری کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابی ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا لیکن ان کی جگہ دوسرے ملازمین کو انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا مسئلہ پیدا ہوگیا،کے ڈی اے کی جانب سے 1500سے زاید ملازمین کی فہرست الیکشن کمیشن کوفراہم کی گئی تھی الیکشن کمیشن نے جانچ پڑتال کیے بغیر فہرست این اے 250کو فراہم کردی لیکن کوئی بھی ملازم ڈیوٹی کے لیے پیش نہیں ہوا۔

آر او نے کے ڈی اے کے ڈائر یکٹر جنرل کو طلب کیا جنھوں نے اعتراف کیا کہ غلط فہمی کی بنیاد پر فہرست پرانی فراہم کی گئی ہے جس میں کئی ملازم رٹائرڈ اور فوت ہوچکے ہیں چند افراد لاپتہ بھی ہیں،دوسری فہرست بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ضلع ملیر کو بھی محکمہ تعلیم سمیت دیگر سرکاری اداروں نے پرانی فہرست فراہم کرنے کے باعث انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ،پی ایس 87اورپی ایس 88کو بھی فراہم کردہ فہرست میں متعدد انتقال کرجانے والے ملازمین کا نام شامل ہے ،محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ڈی ایم سی،کے ایم سی محکمہ تعلیم ودیگر محکموں کی جانب سے جو فہرست فراہم کی گئی،انھوں نے معذور ملازمین کو بھی انتخابی ڈیوٹی کیلیے شامل کیا ہے ،انتخابی ڈیوٹیوں کیلیے سرکاری ملازمین کو نوٹسز جاری کیے۔

ذرائع کے مطابق متعدد افراد لاپتہ ہیں جن میں چند جیل میں بھی ہیں ،اس خلا کو پر کرنے کیلیے آر اوز کو انتخابی ڈیوٹی کی تعیناتی کیلیے مشکلات کا سامنا ہے،آر اوز کے مطابق الیکشن کمیشن اپنا ورک پہلے مکمل کرلیتے تو مشکلات درپیش نہیں آتیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن سرکاری ملازمین کی حاضری کے مطابق اور حاضری شیٹ کے ہمراہ فہرست ارسال کرتی تو معاملہ درست اور جلد نمٹایا جاسکتا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں