دکانوں و بیکریوں پر عید کیک اور مٹھائیاں تیار گاہکوں کا رش

دکانوں پر عید کیلیے تیار کی جانے والی مٹھائیاں سجا دی گئیں۔


Kashif Hussain June 16, 2018
گھروں میں عیدکے خصوصی میٹھے پکوان اور شیر خورمہ کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ فوٹو : ایکسپریس

میٹھی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے کیک اور مٹھائیوں کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے۔

شہر میں مٹھائی کی فروخت کی چھوٹی بڑی دکانوں پر عید کے لیے خصوصی طور پر تیار کی جانے والی قسم قسم کی مٹھائیاں سجادی گئی ہیں شہریوں کی بڑی تعداد نے عید سے ایک روز قبل ہی مٹھائیوں اور کیک کی خریداری شروع کردی تھی ساتھ ہی نمکین بیکری آئٹمز بھی خریدے جارہے تھے ہر سال کی طرح اس سال بھی عید کے لیے بیکریوں میں آرڈرز پر خصوصی کیک بھی تیار کیے جارہے ہیں۔

گھروں میں عید کے خصوصی میٹھے پکوان، شیرخورمہ، میٹھی سویاں ، کھیر، فرنی اور شاہی ٹکڑوں کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ گرمی کی وجہ سے آئس کریم، مشروبات اور ڈبہ بند جوس کی خریداری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جارہا ہے مٹھائیوں کے مقابلے میں کیک کی ڈیمانڈ زیادہ ہے کیک بچے اور بڑے ہر عمر کے افراد پسند کرتے ہیں اور مٹھائیوں کے مقابلے میں کیک میں کیلوریز بھی کم ہوتی ہیں۔

رشتے داروں کے پاس عید پر جانے والے اپنے ساتھ مٹھائی یاکیک لے جاتے ہیں

عید ملنے کیلیے رشتے داروں اور دوست احباب کے گھر جانے والے افراد اپنے ساتھ روایت کے طور پر مٹھائی یا کیک لے جاتے ہیں اسی طرح گھروں پر آنے والے مہمانوں کی تواضع بھی مٹھائیوں، کیک، آئس کریم، سویوں، شیرخورمے سے کی جاتی ہے، عید کے لیے مٹھائیوں کی تیاری چند روز قبل ہی شروع کردی جاتی ہے، عید کے دنوں میں طلب پوری کرنے کے لیے کاریگر دن رات محنت کرکے مٹھائیاں تیار کرتے ہیں، چینی اور مٹھائیوں سے اجتناب اور مٹھائیوں کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے ہر سال کیک کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے۔

پائن ایپل، پستہ، کرنچ اور آئس کیک زیادہ فروخت ہوتے ہیں

شہر میں بڑی بیکریوں پر عید کے لیے خصوصی طور پر کیک تیار کیے جاتے ہیں جن میں زیادہ تر پائن ایپل آئس کریم کیک، چاکلیٹ کیک، کرنچ، پستہ اور دیگر ذائقوں کے کیک زیادہ فروخت ہوتے ہیں،کیک کی دکانوں پر خریداروں کا رش چاند رات سے لیکر عید کے تینوں دنوں اور عید والے ہفتے کے اختتام تک جاری رہتا ہے۔

شیرخورمے کی تیاری کے لیے سویوں اور میوہ جات کی خریداری بھی عید کی رونقوں اور روایت کا حصہ ہے جو زیادہ تر رمضان کے آخری ہفتے میں چاند رات تک خریدے جاتے ہیں اور سویاں فروخت کرنے کے لیے عام دکانوں کے علاوہ عارضی اسٹال بھی چاند رات کو دیر تک کھلے رہتے ہیں۔

عید الفطر پر شیریں خوان خصوصی اہتمام سے تیار کیے جاتے ہیں


عیدالفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ عید الفطر کے موقع پر شیریں خوان کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے ، گھروں میں خواتین عید کے دن صبح شیرخورمہ ، دودھ دلاری اور میٹھی سویاں خصوصی طور پر تیار کرتی ہیں مٹھائی کی دکانوں پر عید پر سب سے زیادہ گلاب جامن اور چم چم، رس ملائی کے علاوہ مکس مٹھائیاں اور حلوہ جات فروخت کیے جاتے ہیں۔

عید کی خوشیوں میں خاندان کے تمام افراد کو شریک کرنے کے لیے بزرگوں، مٹھائی سے پرہیز کرنے والے افراد اور شوگر کے مریضوں کے لیے بھی خصوصی طور پر ڈائٹ یا شوگر فری مٹھائیاں تیار کی جاتی ہیں، مٹھائی کی دکانوں پر گاہکوں کا رش عید سے ایک روز قبل ہی شروع ہوجاتا ہے جو چاند رات سے لے کر عید کے تینوں دن تک جاری رہتا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں