خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

میٹھے آڑو کھانا
زہرہ بیگم، ملتان

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے شوہر دفتر سے واپسی پر کچھ چیزیں لے کر آتے ہیں اور جلدی سے ریفریجریٹر میں رکھ دیتے ہیں۔ پھر وہ کپڑے بدل کر کھانے کی میز پر آتے ہیں۔ ہم سب میاں بیوی اور بچے میز کے گرد بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔ تو پھر میرے شوہر بتاتے ہیں کہ میں آپ کے لئے آڑو لایا ہوں اور وہ ریفریجریٹر میں رکھ آیا ہوں۔ میں جلدی سے دو آڑو نکال کر میز کے اوپر رکھ دیتی ہوں اور پھر چھری سے ان کو کاٹ کر سب کے سامنے رکھ دیتی ہوں۔ آڑو بڑے میٹھے ہوتے ہیں اور مزیدار بھی۔ میرے بچے بڑے شوق سے کھاتے ہیں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ آپ کو مال اور نعمت سے نوازا جائے گا۔ آپ کے ہاں اللہ تعالیٰ ایک نیک فرزند عطا فرمائیں گے جس سے آپ کے خاندان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔

روشن آنکھیں
حاجی غلام سرور، فیصل آباد

خواب: میں نے دیکھا کہ میں بزرگوں کے مزار پر ہوتا ہوں اور وہاں پر محفل میلاد ہو رہی ہوتی ہے۔ اور خاص طور پر ذکر مبارک ہو رہا ہوتا ہے جس کو سن کر میری آنکھیں پر نم ہو جاتی ہیں۔ پھر میں اپنے آپ کو اپنے کمرے میں دیکھتا ہوں اور اس کے بعد جا کر شیشہ دیکھتا ہوں تو میری آنکھیں بہت زیادہ روشن ٰنظر آتی ہیں جو میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو میری آنکھوں سے آنسوؤں کا بہہ جانا پسند آتا ہے اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو کسی بزرگ سے روحانی فیض ملے گا۔ آپ متقی اور پرہیز گار ہوں گے۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ کو اپنے حلقہ احباب میں عزت اور توقیر ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بچھو دیکھنا
جاوید احمد، راولپنڈی

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں زمین پر بیٹھا ہوا ہوتا ہوں۔ نہ جانے کمرے میں ایک بچھو کہاں سے آ جاتا ہے۔ میں اس بچھو کو دیکھ کر مارنے کیلئے کوئی چیز ڈھونڈتا ہوں تو مجھے اپنے کمرے میں کوئی چیز نہیں ملتی پھر میں باہر سے ایک ڈنڈا اٹھا کر لاتا ہوں تو مجھے بچھو نظرنہیں آتا۔ وہ بچھو نہ جانے کہاں غائب ہو جاتا ہے اور تلاش کے باوجود نہیں ملتا۔ میں اس پریشانی میں کھڑا ہو جاتا ہوں۔ پھر میری آنکھیں کھل جاتی ہیں۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی شخص اچانک دشمن بن جائے گا جو آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ آپ کی طبیعت میں رنج و ملال بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ آپ کے ذہن کے اوپر ایک خوف اور پریشانی آ سکتی ہے جس سے آپ کو صدمہ اور تکلیف بھی اٹھانی پڑے گی۔ آپ کے کاروبار میں کوئی بندش یا رکاوٹ بھی پیدا ہو سکتی ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں۔

امتحان کی تیاری کرتی ہوں
بیا ساحل،اٹلی

خواب:۔میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں اپنی کتابوں کے ساتھ میز پر بیٹھی ہوئی ہوں اور اپنے سالانہ امتحان کی تیاری کر رہی ہوتی ہوں کہ میری امی میرے کمرے میں آتی ہیں اور مجھے چائے دے کر چلی جاتی ہیں۔ وہ مجھ سے میری تیاری کے بارے میں بھی پوچھتی ہیں کہ تیاری کیسی ہو رہی ہے۔ میں امی کو بتاتی ہوں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اس خواب سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کسی آزمائش میں پڑسکتی ہیں یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کے کسی نئے کام میں رکاوٹ پیدا ہو جائے آپ کو سخت محنت سے دو چار ہونا پڑے گا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

انجیر کھانا
خوشی محمد، سوات

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گاؤں میں ہوتا ہوں۔گاؤں میں ہمارا سیب کا باغ ہے مگر اس میں میرے دادا نے کچھ پودے انجیر کے بھی لگائے ہوئے ہوتے ہیں۔ میں ان انجیر کے پودوں کے پاس جاتا ہوں اور وہاں سرخ خوشبودار انجیر توڑ کر کھاتا ہوں۔ انجیر کھانے سے مجھے خاص قسم کی لذت محسوس ہوتی ہے جو آنکھ کھلنے کے بعد تک زبان پر جاری رہتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے بیماری سے شفاء عطا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ رزق میں برکت عطا فرمائیں گے۔آپ کے مال اور وسائل دونوں میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں۔کثرت سے وضو یا بغیر وضو کے یا حی یا قیوم کا ورد کیاکریں۔ رات کو سونے سے پہلے ضرور نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ کیا کریں اور کچھ خیرات بھی کیا کریں۔

مرشد کریم سے ملاقات
وجاہت عالم،جھنگ

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں ایک محفل میں ہوتا ہوں۔ وہاں بہت سے بزرگ بھی تشریف فرما ہوتے ہیں۔ پھر اچانک میری نظر ایک بزرگ پر رک جاتی ہے۔ میں غور سے انہیں دیکھتا ہوں تو وہ میرے مرشد کریم ہوتے ہیں۔ میں جلدی سے ان کے پاس جاتا ہوں ان سے بڑی خوشی سے ملتا ہوں اور ان کے قدموں میں بیٹھ جاتا ہوں۔ تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو روحانی فیض ملے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے دین ودنیا کے مقاصد پورے کریں گے۔ مرشد کریم کے ساتھ آپ کی محبت اور لگاؤ میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیاکریں۔ رات کو سونے سے پہلے کثرت سے درود شریف پڑھا کریں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |