یوم آزادیِ صحافت ہم کہاں کھڑے ہیں
ہمیشہ کی طرح یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا آزادی صحافت کی کوئی حد ہونی چاہیے؟
افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے آزادی ِ اظہار رائے کی صورت ِ حال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔
'' رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز'' کی حالیہ رپورٹ میں ، اس موقر تنظیم کی طرف سے جن161 ملکوں کا جائزہ لیا گیا ، ان میں پاکستان میں آزادی ِ اظہار اور برداشت کی صورت حال کو139 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے ۔ البتہ اطمینان کی بات یہ ہے کہ اس فہرست میں بھارت کا 138 واں نمبر ہے۔ زیادہ تر آزاد پریس ناروے، سوئیڈن اور ڈنمارک میں ہے، یہ تمام ممالک سوشل ڈیمو کریسی پر عمل کرتے ہیں۔اب جب کہ نئے انتخابات قریب ہیں اوربعض مقتدر قوتیں انتخابی نتائج کو سیاسی طور پر اپنی پسندکے مطابق بنانے کے لیے بھرپورکوشش کر رہی ہیں، میڈیا پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ہمیشہ کی طرح یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا آزادی صحافت کی کوئی حد ہونی چاہیے؟اورکیا ایک آزاد عدلیہ کے بغیر آزادی ِ صحافت ممکن ہے؟
آئیے ! ان دو سوالوں کا تجزیہ کرتے ہیں ۔ اُن لوگوں کی طرف سے جو مراعات یافتہ حکمران طبقات سے تعلق رکھتے ہیں یا ابھی تک جمہوری اقدارکو قبول کرنے پر تیار نہیں ہیں ، میڈیا کے بارے میں مخصوص قوانین کے ذریعے آزادی صحافت کو محدود کرنے کا سوال اکثر اٹھایا جاتا ہے۔ بعض صحافیوں کو بھی اس بات کا بہت کم ادراک ہے کہ آزادی ِ صحافت ،آزادی ِ اظہار کے ساتھ جڑی ہوئی ہے جو صرف ایک جمہوری معاشرے میں ہی ممکن ہے ۔ میں نے لفظ معاشرے پر اس لیے زور دیا ہے کہ آزادی ِ اظہار کا احترام صرف ایک سیاسی معاملہ نہیں ہے، یہ ایک وسیع دائرہ کار کا حامل سماجی اور معاشی مسئلہ بھی ہے۔
3 مئی کو پوری دنیا میں یوم ِ آزادی ِ صحافت منایا جا رہا ہے۔ آزاد میڈیا کو قبول کرنے کی خاطر صحافیوں، سول سوسائٹی اور جمہوری قوتوں کی سالہا سال کی جدوجہد کا پاکستان کی حکمران اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ ڈالنے کا بہت کم اثر ہوا ہے۔ غیر ریاستی اداکاروں کی طرف سے نجی ملکیت کے چینلزکو زیادہ دباؤ کا سامنا ہے۔ اب پرائیویٹ سیکٹر کے چینلز مالکان اور ممتاز اینکرز کو دباؤ ڈالنے کے ذریعے کنٹرول کرنے کے نت نئے طریقے اختیار کیے جاتے ہیں۔ان پرائیویٹ چینلز مالکان کا اسٹیک بہت زیادہ ہے اس لیے انھیں دبانا آسان ہوتا ہے۔
عامل صحافیوں کو پھانسنے کے لیے حکومت کے پاس کئی قسم کے پھندے ہوتے ہیں۔ ایک ممتاز ٹی وی ہوسٹ اور صحافی نے چند سال قبل اپنے کالم میں لکھا تھا کہ صحافیوںکی ایک بڑی تعداد کو خرید لیا جاتا ہے۔چونکہ وہ ایک انتہائی با خبر صحافی ہیں ،اس لیے مجھے حیرت ہوئی کہ صحافی کی قیمت 150 ملین روپے کی بلند سطح تک پہنچ چکی ہے۔ متوسط طبقے کے اُن صحافیوں کا احترام کیا جانا چاہیے ، جو اس صورت میں بھی جب کوئی ان سے اختلاف کرے، اس قسم کے لالچ کی مزاحمت کرتے ہیں۔
اس قسم کے چینلز پر اکثر صرف سیاستدانوں اور سول بیوروکریسی پرتنقید کی جاتی ہے۔ یہ صحافی کہتے ہیں کہ آزادی محدود ہے، زیادہ تیزی مت دکھاؤ ، بعض اوقات ان کی طرف سے حکومت کے خلاف ہتک آمیز خبریں دی جاتی ہیں اور ایسے خیالات کا اظہار کیا جاتا ہے جن کی کوئی بنیاد نہیں ہوتی اور آخر میں کہتے ہیں کہ دیکھو یہ کتنے بے لگام ہوگئے ہیں ۔ برقی میڈیا پر غیر جانبدار اینکرز اور تجزیہ کار تلاش کرنا محال ہوگیا ہے ۔
حکومت کے بارے میں پرنٹ میڈیا کم و بیش آزاد ہے۔ معمول یہ ہے کہ اگر حکومت کسی اخبارکو پسند نہیں کرتی تو وہ اس کے سرکاری اشتہارات کم کر دیتی ہے، مگر جب اصل طاقت کی طرف سے چالاکی کے ساتھ کی جانے والی پولیٹیکل انجنئرنگ پر تنقید ہو تو یہاں بھی مالکان اور ایڈیٹرز پر اپنے تئیں سنسر شپ کا اطلاق کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔
مگر یہ تصویر کا صرف ایک رخ ہے۔ ترقی پذیر معاشروں میں، داخلی طور پر جمہوری قوتوں کے ابھار ، غیر ملکی دباؤاور ٹیکنالوجی کے سامنے آنے سے ، جن پر قابو نہیں پایا جاسکتا ، حکومتیں زیادہ متحمل مزاج ہو رہی ہیں ۔ اس کی تازہ ترین مثال پی ٹی ایم کے بیانیے پر قابو پانے میں ناکامی ہے۔اس کے باوجود اس نے صرف سوشل میڈیا پر ایک موثر مہم کی وجہ سے زور پکڑا ۔
دوسری طرف تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی) کے لوگوں کو اسلام آباد میں فیض آباد انٹر چینج اور لاہور میں مال روڈ بند کرنے کی اجازت دی گئی ،جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
میڈیا کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ، انتہا پسندوں اور نسلی گروپوں، فسطائی سیاسی جماعتوں،جرائم پیشہ گروہوں، قبائلی اور زمیندار طبقے کے غنڈوں ، بڑے کاروبار اور ایڈورٹائزنگ کلاؤٹ سے ہے۔
فاٹا کے علاقے میں متعدد صحافی جاں بحق ہوگئے ۔ سندھ میں جن صحافیوں نے بڑے جاگیرداروںاور قبائلی رہنماؤں کے ظلم و زیادتی کو رپورٹ کیا وہ یا تو مارے گئے یا انھیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کردیا گیا ۔ بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی طرف سے صحافیوں کودھمکیاں دی جاتی ہیں۔
فسطائی قوتوں کا یہ بڑھتا ہوا رجحان ہمیں '' آزادی ِ اظہار'' کے ایک بڑے مسئلے تک لے آتا ہے، جوکسی معاشرے میں مجموعی جمہوری اقدار کے ساتھ جڑا ہوتا ہے ۔ یہ خام خیالی ہے کہ کسی دوسرے فرد کے خیالات کو برداشت کرنا جمہوری کلچرکی بنیاد ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہیں، برا مناتے ہیں ،اشتعال میں آ کر احتجاج کرتے ہیں اور پھر واپس اپنی جگہ پر آ جاتے ہیں ۔ سیاسی جماعتوں نے، جنھیں آزادی ِ صحافت کا زیادہ شدت کے ساتھ دفاع کرنا چاہیے تھا ، اپنا کردار موثر طریقے سے ادا نہیں کیا۔
پی ایم ایل (ن) اپنی سیاسی اور شخصی غلطیوں کی وجہ سے مدمقابل قوتوں کے غیض و غضب کا سامنا کر رہی ہے مگر پی ٹی آئی کو پولیٹیکل انجنیئرنگ اور متعصب میڈیا سے فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ اس مرحلے پر آزادی اظہار کا معاملہ اٹھانا ان کے مفاد میں نہیں ہے ۔ پی پی پی مفاد پرستی کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ان کا خیال ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نواز موقف انھیں احتساب کی توپوں سے دور رکھے گا۔