کلائی میں بندھی گھڑی سنجیدہ شخصیت کی عکاسی کرتی ہے

گھڑی شخصیت کو جانچنے میں بہت مدد دیتی ہے۔ اس سے انسانی زندگی کے بہت سے پہلوؤوں کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔


سمیرا انور April 30, 2018
گھڑی شخصیت کو جانچنے میں بہت مدد دیتی ہے۔ اس سے انسانی زندگی کے بہت سے پہلوؤوں کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

وقت کے تقاضوں نے انسان کو جدید ٹیکنالوجی کی طرف مائل کردیا ہے لیکن کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو ہر دور میں اپنا خاص مقام رکھتی ہیں۔

موبائل فون اور ٹیب اگرچہ زندگیوں میں بہت سی تبدیلیاں لائے ہیں، لیکن وقت کی سہولت مہیا کرنے کے لیے کلائی پر باندھی جانے والی (لیڈیز اور جینٹس دونوں) گھڑیوں نے اپنا ایک خاص مقام آج تک برقرار رکھا ہے۔یہ بات کسی حد تک سو فی صد درست کہی جاسکتی ہے کہ کچھ عرصے کے لیے گھڑیوں کی وہ اہمیت نہیں رہی تھی جو پہلے رہ چکی تھی۔ موبائل نے گھڑی کو کچھ وقت کے لیے پیچھے ضرور کردیا تھا، لیکن اس کی افادیت پھر بھی کم نہیں ہو سکی تھی۔

گھڑی شخصیت کو جانچنے میں بہت مدد دیتی ہے۔ اس سے انسانی زندگی کے بہت سے پہلوؤوں کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔گھڑی نہ صرف پڑھے لکھے ہونے کی نشان دہی کرتی ہے، بلکہ ٹائم ٹیبل کی پابندی کرنے والوں کا بھی وقت بچاتی ہے۔ ہر گھنٹے بعد بجنے والی 'ٹک ٹک ' انھیں جلدی سے الرٹ کر دیتی ہے کہ وہ اپنا جاری کا م جلد مکمل کرلیں اور اگلے پروگرام کی تیاری بھی شروع کردیں۔گھڑی زندگی میں تازگی بھرنے کا کام بھی بہ خوبی سر انجام دیتی ہے، یہ وقت کی اہمیت اور اس کے تیزی سے گزرنے کا احساس بھی دلاتی ہے۔

گھڑی فیشن کی دنیا میں ایک اہم زیور کے طور پر پہچانی جاتی ہے ۔اس کو ہر عمر کے افراد پسند کرتے ہیں ،خواتین کے لیے تو اس کے معیار اور ڈیزائن کی جدت میں نت نئی تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔ کپڑوں کی طرح اس کا فیشن بھی بدلتا رہتا ہے۔ صنف نازک کی طرح ہلکی پھلکی اور نفیس گھڑیاں نہ صرف دیکھنے میں اچھی لگتی ہیں، بلکہ پہننے میں بھی آسان دکھائی دیتی ہیں۔ کلائی کی دل کشی اور خوب صورتی کو نمایاں کرنے میں بھی گھڑیاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

موبائل میں کتنی ہی جدت اور تبدیلی کیوں نہ آجائے،گھڑی کے استعمال کی مقبولیت میں کمی شاید کبھی واقع نہیں ہوسکے گی ۔ کلائی پر باندھی جانے والی گھڑی خاص طور سے خواتین کی زندگیوں میں جو اہمیت اور مقام رکھتی ہے، وہ جدید دور کے آلات میں سے کوئی بھی نہیں لے سکتا۔ یہ خوب صورتی اور رنگوں سے بھرپور زندگی کی علامت گردانی جاتی ہے۔ یہ زندگی میں آنے والی تبدیلیوں سے آشنا کرنے میں بھی مدد دیتی ہے، صرف یہ کہ اس کی موجودگی کو سمجھنے کے لیے ایک تخیلاتی ذہن کا ہونا ضروری ہے۔

نئی تکنیک سے آراستہ گھڑیاں خواتین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ روایتی ڈیزائن کی جگہ اسمارٹ واچ نے لے لی ہے جو اپنی نزاکت اور نئے پن کی وجہ سے مارکیٹ میں دل چسپی کی وجہ بنی رہیں۔ اسمارٹ واچ میں بھی وقت کے ساتھ ساتھ کمی بیشی ہوتی رہی، اس کے بعد الٹرا سلم گھڑی نے اس کی جگہ لے لی جس نے مارکیٹ میں تہلکا مچا دیا ہے۔ یہ جدت کے رنگین انداز میں سجی گھڑیاں ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک عمدہ معیار قائم کرچکی ہیں۔ ان کی نفاست اور رنگت کے نئے نئے ڈیزائن کی وجہ سے نوجوان لڑکیوں کو اپنے کپڑوں کے ساتھ میچنگ میں آسانی رہتی ہے۔

گھڑی شخصیت کی بھرپور عکاسی کرتی ہے اور باذوق طبیعت کی نمائندگی بھی کرتی ہے۔ پڑھی لکھی اور ملازمت پیشہ خواتین میں گھڑی پہننے کا رواج بہت تیزی سے مقبول ہورہا ہے، کیوں کہ اسے پہن کر خود کو سوبر اور اور منفرد خیال کیا جاتا ہے ۔ ایک تو انھیں وقت کی پابندی کی عادت پڑتی ہے اور دوسرے وہ اپنا کام بھی مطلوبہ وقت پر سر انجام بھی دے لیتی ہیں۔کلائی میں سجی یہ گھڑیاں صنف نازک کی شخصیت میں مزید جاذبیت بھردیتی ہیں۔

وہ تقاریب میں خود کو نمایاں طور سے ظاہر کرنے کے لیے بیش قیمت گھڑیاں خریدنے میں بھی کوئی تکلف نہیں برتتیں۔ سوئس چاندی گھڑیاں کلائی کے لیے ایک خوب صورت تحفہ ہیں۔ یہ گھڑیاں دل کشی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ آرائش کے اعتبار سے بھی یہ گھڑیاں شخصیت کو اجاگر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بڑے ڈائل والی گھڑیاں کالج اور اسکول کی بچیاں پہننا پسند کرتی ہیں جو مختلف رنگوں میں دست یاب ہوتی ہیں، جب کہ سوئس چاندی گھڑیاں زیادہ سلور رنگ میں پائی جاتی ہیں جو اپنی انفرادیت کے لحاظ سے فیشن میں ایک اہم مقام آج بھی رکھے ہوئے ہیں۔

آج کل سفید نگوں سے منسلک پٹے والی گھڑیاں خواتین کو اپنی طرف زیادہ متوجہ کررہی ہیں۔ ان کی خصوصیت یہ ہے کہ ان کا ڈائل چھوٹا ہوتا ہے اور ان کا نازک سا پٹا کلائی کو پرسکون اور آرام دہ بناتا ہے۔ اب گھڑیوں کے جو جدید ڈیزائن بنائے جا رہے ہیں، نہ صرف پھولوں کی اشکال بلکہ مطلوبہ نام بھی ان پر پینٹ کیے جارہے ہیں ۔ بریسلٹ طرز کی گھڑیاں پرکشش ہونے کے ساتھ ساتھ پسندیدگی کا عنصر رکھتی ہیں۔

کڑھائی والی گھڑیاں مارکیٹ میں ایک منفرد جگہ بنا رہی ہیں۔ ان کے ڈائل کی اندرونی سطح پر دھاگوں کی کڑھائی کی ہوئی ہوتی ہے جو فیشن میں ایک جدید طرز کا اسٹائل ہے۔ اسی طرح پھولوں کی سجاوٹ بھی ڈائل کی دل کشی میں اضافہ کرتی ہے۔ زنجیر وں پر مشتمل گھڑیاں بھی خواتین میں مخصوصی اہمیت رکھے ہوئے ہیں۔ ڈائل کے دونوں طرف ہلکی سی زنجیر خوب صورتی سے مزین دکھائی دیتی ہے، اس لیے وہ ان کو بہت شوق سے اپنی کلائی کا حصہ بنائے رکھتی ہیں، تاکہ خوب صورتی کے اس انوکھے انداز کو قائم رکھ سکیں۔

پتھروں کی دیدہ زیب سجاوٹ گھڑی کے اسٹیپس کو مزید نمایاں کرتی ہے۔ پتھروں میں جڑے نگینے ان کے نرالے پن کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔ اب تو اس قسم کی گھڑیوں کا خواتین کے فیشن شوز میں راج دکھائی دیتا ہے اور یہ پورے ذوق و شوق سے سجاوٹ کے لیے پہنی جاتی ہیں۔ ان کو پہن کر خواتین کی شخصیت میں مزید چار چاند لگ جاتے ہیں۔

فیشن کے ساتھ ساتھ ہمیں اس نایاب ایجاد کی اہمیت کو بھی جاننا ہو گا۔ گھڑی ہر دور میں اپنا ایک اسٹائل اور نیا پن قائم رکھنے میں کامیاب رہی ہے، یہ اور بات ہے کہ ہم اس کی قدر کرنا بھول گئے ہیں جو ہمارے پیچھے رہ جانے کی ایک بڑی وجہ بھی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |