کراچی کے نوجوان نے اسمارٹ پنجرہ متعارف کرادیا

پالتو پرندوں اور جانوروں کی حفاظت، انہیں خوراک دینے اور چوری ہونے کے مسائل میں کمی آجائے گی۔


Kashif Hussain March 06, 2018
پالتو پرندوں اور جانوروں کی حفاظت، انہیں خوراک دینے اور چوری ہونے کے مسائل میں کمی آجائے گی، فوٹو: فائل

شہر قائد کے باصلاحیت نوجوان نے پالتو پرندوں اور جانوروں کے لیے اسمارٹ پنجرہ متعارف کرادیا جس کے بعد ان کی حفاظت، انہیں خوراک دینے اور ان کے چوری ہونے کے مسائل میں کمی آجائے گی۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق گھروں میں پرندے اور دیگر پالتو جانور پالنے کے شوقین افراد کے لیے جانوروں کی دیکھ بھال اور انہیں بروقت پانی اور خوراک مہیا کرنا وقت کی تنگی کے باعث ایک مسئلہ بنتا جارہا ہے تاہم کراچی کے ایک ذہین نوجوان نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسمارٹ پنجرہ متعارف کرادیا ہے۔



اسمارٹ پنجرہ جدید کمیونی کیشن ٹیکنالوجی اور حساس سنسرز سے لیس ایک نظام پر مشتمل ہے جس کے ذریعے آپ اپنے پالتو جانوروں کی دیکھ بھال گھر یا شہر سے باہر رہ کر بھی بآسانی کرسکتے ہیں یہی نہیں اس نظام کے ذریعے پالتو جانوروں کو خوراک اور پانی بھی مہیا کیا جاسکتا ہے اور انہیں دیگر جانوروں اور چوروں سے بھی بچایا جاسکتا ہے۔

یہ جدید نظام پنجروں میں بند پالتو جانوروں کو ٹھنڈک اور گرمی سے بچانے میں بھی سہولت فراہم کرے گا جبکہ پنجروں کا دروازہ کھلا رہ جانے کی صورت میں بھی آپ کو مطلع کردے گا۔ اس منفرد سسٹم کو موبائل فون کی ایک ایپلی کیشن کے ذریعے آپریٹ کیا جاسکے گا۔

YnStek کے نام سے اسمارٹ پنجرے کا تصور متعارف کرانے والے سرسید یونیورسٹی کے طالب علم یاسر نے روزنامہ ایکسپریس کو بتایا کہ اس نظام کے ذریعے پالتو جانوروں کے پنجروں میں رکھے ہوئے برتنوں میں خوراک اور پانی کی مقدار کی نگرانی کی جاتی ہے اور خوراک یا پانی مطلوبہ سطح سے کم ہونے پر یہ سسٹم آپ کو الرٹ دیتا ہے جس کے بعد آپ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے پنجرے کے ساتھ منسلک فوڈ اینڈ واٹر بینک میں سے پانی اور خوراک کی اضافی مقدار برتنوں میں ڈال سکتے ہیں اس طرح پانی اور خوراک ضایع ہونے سے بھی بچائی جاسکتی ہے اور جانوروں کو بروقت خوراک اور پانی مہیا کیے جاسکتے ہیں۔



اسمارٹ پنجرے کا ایک اور اسمارٹ فیچر چوری سے تحفظ فراہم کرنا ہے اگر آپ گھر پر نہیں ہیں تو پنجرے کے ارگرد محفوظ حد کا تعین کرسکتے ہیں اور اس حد کے اندر کسی کے آنے کی صورت میں آپ جہاں بھی ہوں گے بروقت الرٹ حاصل ہوگا کہ کوئی آپ کے پالتو جانور کی جانب خطرناک ارادوں سے بڑھ رہا ہے۔ اسمارٹ پنجرے اندرونی درجہ حرارت سے بھی آگاہ رکھتے ہیں۔ یہ سسٹم نئے یا پرانے کسی بھی پنجرے میں نصب کیا جاسکتا ہے سسٹم کی لاگت 8 سے 10 ہزار روپے ہے۔

انجینئر یاسر مزید نے بتایا کہ پاکستانی اور غیر ملکی کمپنیاں اس سلوشن میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں، کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ مومینٹم کانفرنس میں شریک مائیکرو سافٹ کے نمائندوں نے بھی سلوشن میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں