خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

زعفران خریدنا
منیب خان، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں شہر جاتا ہوں اور گھریلو اور کاروباری خرید و فروخت کے بعد سب پیسوں سے زعفران خرید لیتا ہوں۔ اس کے بعد جب میں واپس آتا ہوں تو میرے والد مجھ سے ناراض ہوتے ہیں کہ کیوں پیسے ضائع کیے۔ مگر مجھے ان کی خریداری سے بڑی خوشی ہو رہی ہوتی ہے کہ میں اگلے ہی دن اسے کھیتوں میں لگا دیتا ہوں۔ حیرت انگیز طور پر اگلے ہی دن وہ نکل آتے ہیں۔ اس پہ گائوں کے لوگ بڑے خوش ہوتے ہیں اور میرے والدین کو مبارک دینے آتے ہیں۔ اس کے بعد کا حصہ مجھے یاد نہیں ہے۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب بہت اچھا ہے اور اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے آپ کو حلال رزق ملے گا۔ کاروباری سوجھ بوجھ حاصل ہو گی۔ ترقی سے مال اور وسائل میں بہتری ہو گی۔ گھر میں آرام و سکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد بھی جاری رکھیں ۔ کوشش کریں کہ اپنی نیک کمائی سے کچھ اللہ کی راہ میں ضرور خرچ کیا کریں۔

سیلاب میں بہہ جانا
حرمت علی ، پشاور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گائوں میں ہوں اور وہاں سیلاب آجاتا ہے ۔ گائوں کے لوگ بند باندھنے کیلئے جاتے ہیں مگر پانی چاروں طرف سے آرہا ہوتا ہے۔ گائوں کے لوگ عورتوں اور بچوں کو محفوظ مقام پر لے جا رہے ہوتے ہیں۔ اسی دوران پانی کا ایک ریلا تیزی سے ہماری طرف آتا ہے۔ میرے ہاتھ سے بچے کا ہاتھ چھوٹ جاتا ہے اور میں نجانے کسی سمت میں بہنے لگتا ہوں۔ میں کافی کوشش کرتا ہوں مگر پانی اتنا تیز ہوتا ہے کہ میں کنارے کی طرف نہیں جا پاتا اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ مجھے اس کی تعبیر پتہ کرنی تھی کہ کہیں یہ آنے والے سیلاب کی پشین گوئی تو نہیں کیونکہ چند سال اسی طرح کا سیلاب ہمارے گائوں کو تباہ کرچکا ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب یہ دلیل کرتا ہے کہ آپ کے ذہن میں سیلاب کی تباہ کاریاں ابھی تک نقش ہیں۔ اس لیے آپ کو وہی کیفیت محسوس ہوئی ہے کہ دوبارہ آپ نے یہ سب خواب کی شکل میں دیکھی ہے۔ جب انسان سو جاتا ہے تو لاشعور حرکت میں آجاتا ہے وہی کیفیت خواب کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ انسان اس جگہ تک کی سیر کرلیتا ہے جو اس نے بظاہر اپنی نظر سے نہیں دیکھی ہوتی۔ بہرحال آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات کردیا کریں۔

شہد کی مکھیاں کاٹ لیتی ہیں
رضوان محبوب، علی پور چٹھہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ کسی باغ میں شہد کی مکھیوں کا چھتہ لگا ہوا ہے ، تو اپنے دوست کو کہا کہ آئو ہم ان کا شہد حاصل کریں۔ میرا دوست یہ سن کر انکار کرکے چلا جاتا ہے۔ مگر میں ایک پتھرلے کر اس چھتے کو مارتا ہوں ۔ شہید کی مکھیاں اڑتی ہیں ۔ اس میں سے کچھ مجھے کاٹ لیتی ہیں ۔ مگر میں چھتہ اٹھا کر گھر آجاتا ہوں ۔
تعبیر:۔ پریشانی کی بات نہیں ،آپ کا خواب اچھا ہے اور کاروبار میں سخت محنت کا حصول ظاہر کرتا ہے۔ یہ آپ کی کفایت شعاری کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ کسب حلال اللہ کو پسند ہے آپ اپنی کوشش کریں اور نتیجہ اللہ پہ چھوڑ دیں ، بے شک وہ سب سے بہترین رازق ہے۔ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

والد سے کاروبار کیلئے رقم لینا
موسیٰ عظیم، چکوال
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے اپنے والد صاحب سے زبردستی ایک کان خریدنے کے لئے پیسے لیے اور اس میں کھدائی کرائی مگر کوششوں کے باوجود اس میں سے کچھ نہ نکلا ۔ اس خواب کی تعبیر بتا دیں کہ اس کا کیا مطلب ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی ایسے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنا جومحنت کے باوجود منافع بخش نہ ہو ۔آپ سوچ سمجھ کہ ہی کسی نئے کاروبار یا کام یا نوکری کا آغاز کریں بلکہ بہتر ہو گا کہ ہر کام سے قبل استخارہ کرلیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

نانی شہد دیتی ہے
ساجدہ منور ، لاہور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر ہوں اور میرے باقی کزنز بھی آئے ہوئے ہیں ۔ کھانے کے وقت جب ہم کھانے کے لئے جمع ہوتے ہیں تو میں یہ دیکھ کر خوش ہوتی ہوں کہ میری نانی نے میرے لئے شہد کی بوتل بھی منگوا کے رکھی ہوتی ہے۔ میں بہت خوش ہوتی ہوں اور کھانا کھانے کی بجائے اسی کو ڈبل روٹی پہ لگا کر کھانا شروع کردیتی ہوں ۔ پلیز مجھے اس کی تعبیر بنا دیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو خوشخبری پہ دلیل کرتا ہے جیسے بیماری سے شفاء ، رزق حلال میں برکت ہو گی جس سے کاروبار میں اضافہ ہو گا اور وسائل میں بھی برکت ہو گی۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ صدقہ و خیرات کی بھی کوشش کیا کریں۔

ویران گائوں
صدیق اعوان ، فیصل آباد
خواب : میں نے کچھ دن پہلے ایک خواب دیکھا کہ میں کسی اجنبی جگہ پہ ہوں اور راستہ بھٹک گیا ہوں۔ گائوں سی جگہ ہے، مگر صرف بنیادی ضروریات زندگی کی دوکانیں ہیں مگر یہ دیکھ کر بہت پریشانی ہوتی ہے کہ سب دوکانیں خالی ہوتی ہیں، ان میں کوئی بھی نہیں ہوتا ۔ میری بیوی جو میرے ساتھ ہوتی ہے دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتی ہے اور مجھے کہتی ہے کہ فوراً یہاں سے نکل چلو، مگر مسئلہ یہی ہوتا ہے کہ مجھے کوئی سڑک نظر نہیں آتی۔ اسی کے ساتھ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اللہ نہ کرے کسی پریشانی پہ دلیل کرتا ہے جس کا تعلق کاروبار سے یا گھریلو معاملات سے بھی ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

سوٹ خریدنا
سدرہ محسن ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی امی کے گھر ہوں اور سامان سمیٹ کر تیار ہو رہی ہوں کہ میں نے اپنے گھر واپس جا رہی ہوتی ہوں جب شام کو میرے میاں مجھے لینے آتے ہیں تو واپسی پہ میں دیکھتی ہوں کہ گاڑی کی پچھلی سیٹ پہ ایک بیگ میں سرخ رنگ کا ایک سوٹ پڑا ہوتا ہے جس پر میں کہتی ہوں کہ مجھے یہ رنگ پسند نہیں آپ مجھے کسی اور رنگ میں لے دیں۔ میں اس رنگ کو بدلا کر ہرے رنگ میں لے لیتی ہوں ۔ اسی کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے اور آپ کے شوہر کی طرف سے نفع و خوشخبری پہ دلیل کرتا ہے کہ اس کا تعلق ازدواجی زندگی کے ساتھ مالی وسائل میں اضافہ بھی مراد ہو سکتا ہے اور اولاد کی رحمت بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ہو سکے تو گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |