خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیر جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

بیگ میں اینٹ رکھنا
مائرہ ثاقب، لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی اجنبی گھر میں اپنی دوستوں کے ساتھ بیٹھی ہوں کچھ دیر بعد ہم اٹھ کرچھت پہ چلے جاتے ہیں۔ وہاں میں ایک اینٹ اٹھاتی ہوں اور اپنے بیگ میں اٹھا کر رکھ لیتی ہوں۔ گھر آ کر جب وہ اینٹ میں بیگ سے نکالتی ہوں تو وہ بہت بھر بھری ہو کر ریزہ ریزہ ہو چکی ہوتی ہے۔ برائے مہربانی مجھے اس خواب کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر:۔ آپ کا خواب مالی وسائل میں آسائش کو ظاہر کرتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ غیر ضروری جمع کرنے کی خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔ اتنی کنجوسی اچھی نہیں ہوتی۔ کوشش کریں کہ آپ صدقہ وخیرات کا اہتمام کیا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

مور ناچتے دیکھنا
علی احمد، پتوکی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں صبح کی سیر کیلئے اپنے گھر پاس والے باغ میں جاتا ہوں۔ وہاں کچھ دیر تک سیر کر رہا ہوتا ہوں اور پھر میری نظر کچھ موروں پر پڑتی ہے جو کہ ایک طرف ناچ رہے ہوتے ہیں ۔ میں ان کو دیکھ کر خوش ہوتا ہوں۔ کافی دیر تک میں کھڑا ان کو دیکھتا رہتا ہوں اور قدرت کی صناعی پہ حیران ہوتا رہتا ہوں۔ پھر وہاں سے واپس آجاتا ہوں، اسی دوران میر ی آنکھ کھل جاتی ہے
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے کہ جواس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے جاہ وجلال میں اضافہ ہوگا۔ اس سے عزت و توقیر کے ساتھ رزق میں بھی کشادگی ہوگی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ صدقہ وخیرات بھی کیا کریں۔

سحری کے وقت روزے کا اہتمام
سمیرا علی، فیصل آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں روزوں میں سحری کیلئے اٹھتی ہوں اور روزے کیلئے روٹیاں بنا رہی ہوتی ہوں۔ باقاعدہ اہتمام کرکے اچھی طرح ٹیبل پہ لگا کر میں روزہ رکھتی ہوں ۔ اس کے بعد فجر کی اذان کے بعد نماز کا بھی اہتمام کرتی ہوں جبکہ عام طور پر میں روزوں میں کافی سادگی سے کام لیتی ہوں اور کھانے پہ اتنا کچھ نہیں بناتی۔ براہ مہربانی اس خواب کی تعبیر بتائیں کیونکہ روزے آنے میں ابھی کافی وقت ہے۔
تعبیر:۔ یہ بہت اچھا خواب ہے اور آپ کے دین میں لگائو وبھلائی کو ظاہر کرتا ہے۔ آپ کوشش کریں کہ صلہ رحمی کیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں۔ اس کے ساتھ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ ہر منگل حسب توفیق صدقہ وخیرات کیا کریں ۔

تحائف پر گندگی
عطیہ بانو، ملتان
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری جٹھانی میرے گھر کافی تحفے تحائف لے کر آئی ہے۔ دعوت کے اختتام پر ہم جب سب تحائف کھول کر دیکھتے ہیں تو سب کپڑوں پہ گندگی لگی ہوتی ہے۔ ہم سب یہ دیکھ کر بہت پریشان ہوتے ہیں۔ پھر میرے میاں وہ سب کپڑے سمیٹ کر گھر سے باہر پھینک آتے ہیں۔ مہربانی فرما کر مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔
تعبیر :۔ یہ خواب پریشانی پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آسکتی ہے۔ خاندان میں کوئی الزام بھی لگا سکتا ہے یعنی مراد پریشانی ہے خواہ کسی بھی شکل میں ہو۔ اس پریشانی سے بچنے کیلئے کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کریں۔ ہر منگل کو حسب توفیق صدقہ وخیرات کریں۔

اونٹ ماہرانہ انداز میں دوڑانا
تجمل شفیع ، اسلام آباد
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں دبئی میں ریگستان میں اونٹ لے کر کہیں جا رہا ہوں کچھ دور جانے کے بعد میں اس پر سوار ہو جاتا ہوں اور بڑے ماہرانہ انداز میں اس کو چلتے بلکہ دوڑاتے ہوئے کسی سمت میںبڑھتا چلا جاتا ہوں۔ میں خود بھی باہر جانا چاہتا ہوں۔ یہ بتائیے کہ کہیں یہ خواب اسی بات کی طرف اشارہ تو نہیں کرتا۔
تعبیر:۔ یہ خواب اچھا ہے اور کاروبار میں منافع پر دلیل کرتا ہے۔ آپ باہر جانے کی کوشش کرنے کی بجائے یہاں ہی کاروبار میں دل لگانے کی کوشش کریں۔ اسی میں برکت ونفع ظاہر کرتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اورکثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ اس کے علاوہ ممکن ہو تو حسب توفیق صدقہ وخیرات کیا کریں ۔

کوہ پیمائی کرنا
ضراد خان ، لاہور
خواب:۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج ٹرپ پر کسی پہاڑی مقام پر ہوں۔ ہمارے ٹیچر لڑکوں کو سامنے چوٹی کی طرف اشارہ کرکے کہتے ہیں کہ کون کون ادھر جائے گا ۔ کافی لڑکوں کا گروپ تیار ہو جاتا ہے ہم سب مل کر چوٹی کی طرف جاتے ہیں۔ آہستہ آہستہ سبھی ہمت ہار جاتے ہیں مگر میں آہستہ سے ہی چوٹی کی جانب اپنا سفر جاری رکھتا ہوں اور بالآخر وہاں تک پہنچ جاتا ہوں۔ خوشی کے مارے وہیں سجدہ ریزہ ہو جاتا ہوں ۔ کیا آپ مجھے اس خواب کی تعبیر بتا سکتے ہیں۔
تعبیر:۔ یہ خواب بہت اچھا ہے اور آپ کی کامیابی و خوشخبری پر دلیل کرتا ہے ۔ یہ پختہ ارادے اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابی کو بھی ظاہر کرتا ہے ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کے ساتھ ساتھ یاحی یاقیوم کا ورد کثرت سے کیاکریں اور گھر میں پرندوں کو کھانا ڈالا کریں۔

دنبے کو چارہ ڈالنا
غوثیہ سراج ، پشاور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنی دادی کے گھر ہوں اور وہاں میرے چچا میرے لئے ایک دنبہ لے کر آتے ہیں میں اس کو دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور اس کو چارہ وغیرہ ڈالتی ہوں۔ اگلے دن جب اٹھ کر اس کی طرف جاتی ہوں تو یہ دیکھ کرحیران رہ جاتی ہوں کہ رات بھر میں وہ کافی بڑا اور صحت مند ہو چکا ہوتا ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے میں یہ سوچتی ہوں کہ اب اس کو مزید کھانا دوں گی تاکہ یہ جلد از جلد بڑا ہوسکے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اچھا ہے اور دلیل کرتا ہے کہ آپ خدا کے فضل ومہربانی سے کسی پریشانی ومصیبت سے دور رہیں گی۔ یعنی کسی کی وجہ سے آپ کو فائدہ حاصل ہوگا۔ آپ حسب توفیق صدقہ وخیرات کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابند کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |