لذیذ انڈے کے پکوان

بنائیے اپنی پسند کے مزیدار کھانے۔


غزالہ عامر January 22, 2018
بنائیے اپنی پسند کے مزیدار کھانے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: چٹنی بھرے لذیذ انڈے

اجزا:

اُبلے ہوئے انڈے: چار عدد ( یا زائد)، پھینٹنے کے لیے چنے کا آٹا: آدھا کپ، مکئی یا گندم کا آٹا: دو کھانے کے چمچے، پسی ہوئی سرخ مرچ: نصف چائے کا چمچہ ( اگر چاہیں )، ہینگ: ایک چٹکی ( اگر چاہیں )، بیکنگ پائوڈر یا خمیری سفوف: ایک چٹکی، نمک: حسب ذائقہ، تیل: حسب ضرورت ( تلنے کے لیے )، بھرنے کے لیے ناریل: چوتھائی کپ، پودینہ: پانچ سے آٹھ پتے، دھنیا: چوتھائی کپ ( کترا ہوا )، ادرک: نصف چائے کا چمچہ ( کتری ہوئی )، ہری مرچ: دو عدد، نمک: حسب ذائقہ

ترکیب

' بھرنے کے لیے ' کے لیے ذیل میں مذکور تمام اجزا کو پیس کر پیسٹ بنالیجیے۔ پیسٹ بنانے کے لیے پسائی کے دوران چند قطرے پانی بھی ملایا جاسکتا ہے۔

بعدازاں ' پھینٹنے کے لیے' کے ذیل میں مذکور اجزا کو باہم ملاکر پھینٹ لیجیے۔ تھوڑا سا پانی ملالیجیے تاکہ گاڑھا پیسٹ سا بن جائے۔

برتن میں تیل کڑکڑائیے۔ اس دوران انڈوں کے بیچ میں سے دو دو ٹکڑے کرلیجیے۔ اندرونی طرف یعنی زردی والی سائیڈ پر ایک سے آدھا چائے کا چمچہ ناریل، پودینے، دھنیے وغیرہ کا پیسٹ پھیلا دیجیے، اور پھر اسے چنے اور مکئی کے آٹے اور دیگر اجزا سے بنائے گئے پیسٹ میں ڈبولیجیے۔ اب ان انڈوں کو درمیانی سے تیز آنچ پر تل لیجیے۔ بہتر یہ ہے کہ انڈے کو زردی والی سائیڈ سے فرائی پان میں رکھا جائے، یعنی یہ فرائی پان کے پیندے سے جا ٹکرائے۔ دو تین منٹ کے بعد پھر سائیڈ بدل دیں۔ اس وقت تک تلیں جب تک انڈوں کا رنگ سنہرا نہ ہوجائے۔

اس بات کا دھیان رہے کہ تیل جب کڑکڑانے لگے تب انڈے تلنے کے لیے فرائی پان میں ڈالیں۔ اگر دھیمی آنچ پر تلا جائے گا تو انڈے تیل زیادہ جذب کریں گے۔ چٹنی اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔ شام کی چائے کے ساتھ کھانے کے لیے یہ بہترین ڈش ہے۔

انڈا روسٹ

اجزا: انڈے: پانچ عدد، پیاز: چار سے پانچ عدد، ہری مرچ: دو عدد، لہسن ادرک کا پیسٹ: ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر: ایک عدد ( پکا ہوا)، پسی ہوئی سرخ مرچ: ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیا: ایک چائے کا چمچہ، ہلدی: نصف چائے کا چمچہ، گرم مسالا پسا ہوا: نصف چائے کا چمچہ ( اگر چاہیں )، سرسوں کے بیج: ایک چائے کا چمچہ، کڑی پتا: چند عدد، تیل: تین چائے کے چمچے، نمک: حسب ذائقہ

ترکیب

انڈے ابال کر چھیل لیں۔ چھوٹی کڑاہی یا فرائی پان میں تیل ڈال دیں۔ کڑکڑانے لگے تو اس میں سرسوں کے بیج ڈال دیں۔ پھر پیاز اور ہری مرچ شامل کردیں۔ پیاز کے سنہرا ہوجانے تک بُھونیں۔ پیاز بُھن جائے تو اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال دیں اور چند منٹ تک بُھونیں۔ پھر ٹماٹر، نمک اور ہلدی شامل کردیں۔ اتنا بُھونیں کہ مسالا تیل چھوڑ دے۔ اس مرحلے پر پسی ہوئی سرخ مرچ اور دھنیا اور گرم مسالا ڈال دیں اور چار سے پانچ منٹ تک بُھونیں۔ آخر میں انڈے اور کڑی پتّا ڈال دیں۔ اچھی طرح ملائیں۔ مزیدار انڈا روسٹ تیار ہے۔ گرم گرم چپاتی یا چاول کے ساتھ پیش کریں۔

انڈا پالک

اجزا: پالک: ایک گٹھی ( صاف کرکے کترلیں )، انڈے: تین عدد ( یا زائد)، پیاز: درمیانے سائز کی ایک عدد،۔ لہسن: دو جوے ( کچل لیں )، ادرک: نصف چائے کا چمچہ ( کچلی ہوئی)، ہری مرچ: تین عدد، سونف: نصٖف چائے کا چمچہ، پسی ہوئی ہلدی: نصف چائے کا چمچہ، پسا ہوا زیرہ: نصف چائے کا چمچہ، گرم مسالا: ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا دھنیا: ایک چائے کا چمچہ، تیل: دو کھانے کے چمچے، نمک: حسب ذائقہ، پانی: ایک کپ

ترکیب

فرائی پان یا برتن میں تیل کڑکڑائیں۔ پہلے سونف ڈالیں۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد ادرک، لہسن، کٹی ہوئی پیاز اور ہری مرچ ڈال دیں۔ تیز آنچ پر تلیں حتیٰ کہ پیاز سنہری ہوجائے۔ پھر ہلدی، زیرہ، دھنیا اور گرما مسالا شامل کردیں۔ کچھ دیر بُھوننے کے بعد پالک ڈال دیں۔ اوپر سے نمک اور ایک کپ پانی شامل کرکے ڈھک دیں۔ پانچ سے سات منٹ تک پکائیں حتیٰ کہ پالک اچھی طرح گل جائے۔

اس مرحلے پر یہ دیکھیں کہ سالن میں اتنا پانی ہے یا نہیںکہ اگر اس میں انڈے ڈالیں جائیں تو پک جائیں گے یا نہیں۔ اگر پانی نہیں ہے یا برائے نام ہے تو تھوڑا سا ڈال لیں اور جب پانی ابلنے لگے تو انڈے توڑ کر ڈال دیں۔ انڈوں کے درمیان کچھ فاصلہ رہنا چاہیے۔ انڈے ڈالنے کے بعد چمچہ نہ چلائیں۔ انھیں ایسے ہی پڑا رہنے دیں۔ اب ایک بار پھر ڈھکنا ڈھک دیں اور پانچ سے آٹھ منٹ تک پکائیں۔ اس وقت کے بعد انڈے پانی اور پالک کے شوربے میں پک چکے ہوں گے۔ لذیذ انڈا پالک تیار ہے۔ گرما گرم چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں