صدر ممنون نے اپنے ہاتھوں سے نواسی کو ایم بی بی ایس کی سند تفویض کی

صدر مملکت نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن میں شرکت کیلیے رضامندی بھی اسی وجہ سے ظاہرکی تھی۔


Tufail Ahmed December 11, 2017
عائشہ معین نے اپنے نانا کی موجودگی میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں ایم بی بی ایس کی سند حاصل کی۔فوٹو؛ فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے ہاتھوں سے اپنی نواسی عائشہ معین کو ایم بی بی ایس کی سند تفویض کی۔

صدر مملکت ممنون حسین اپنی نواسی کو ایم بی بی ایس کی سند تفویض کرنے کیلیے گزشتہ روز جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور اپنے ہاتھوں سے نواسی عائشہ معین کو ایم بی بی ایس کی سند تفویض کی۔

''ایکسپریس'' کو معلوم ہوا ہے کہ سندھ میں یہ کسی بھی میڈیکل یونیورسٹی کا پہلاجلسہ تقسیم اسناد ہے جس میں صدر مملکت شریک ہوئے کیونکہ وہ نواسی کو اپنے ہاتھوں سے ایم بی بی ایس کی سند دینا چاہتے تھے جب کہ صدر مملکت ممنون حسین نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن میں شرکت کیلیے رضامندی بھی اسی وجہ سے ظاہرکی تھی۔

خیال رہے کہ عائشہ معین جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی 2012 کے پہلے بیچ کی طالبہ ہیں، جنھوں نے اپنے ہی نانا کی موجودگی میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں ایم بی بی ایس کی سند حاصل کی۔

واضح رہے کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے یونیورسٹی کے 9 طالب علموں میں گولڈ میڈلز بھی دیے گئے، ان میں بیسٹ گریجویٹ طالب علم بھی شامل ہے، جلسہ تقسیم اسناد میں ارکان فیکلٹی اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

دریں اثنا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع کے مطابق صدر مملکت کی یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن میں شرکت سے زیر تعلیم طالب علموں اور ارکان فیکلٹی کے حوصلے مزید بلند ہوئے، یہ بات ہمارے لیے باعث اعزاز ہے کہ یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن میں صدر مملکت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں