سندھ حکومت نے محکمہ پولیس کے 90 فیصد فنڈز روک لیے

محکمہ پولیس میں آئی جی سندھ کے جانے کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں


Wasiq Muhammad November 23, 2017
دو ماہ سے سندھ پولیس کو فنڈ نہیں ملا جس کے باعث روز مرہ کے امور نمٹانے کا عمل بھی مشکل سے دوچار ہے، فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کو ایک بار پھر پریشان کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے 90 فیصد فنڈز روک لیے، محکمہ پولیس میں بھی آئی جی سندھ کے جانے کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ناکام بنانے کے لیے 90 فیصد فنڈ روک دیا، فنڈ روکنے کے باعث سندھ پولیس میں کئی اہم کام متاثر ہوگئے، ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کو ناکام بنانے کے لیے اس طرح کا رویہ اختیار کیا کہ آئی جی سندھ مجبور ہوکر اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیں، 2ماہ سے سندھ پولیس کو فنڈ نہیں ملا جس کی وجہ سے کئی ترقیاتی کام رک گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ فنڈ نہ ہونے کے باعث لاجسٹک کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے جبکہ کئی مقامات پر رہائشی کالونیز (پولیس لائن)، افسران کے دفاتر و بنگلوں کی مرمت و تزئین و آرائش بھی شدید متاثر ہورہی ہے، رقم نہ ہونے کے باعث مرمت کے کام روک دیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ جو تھوڑے بہت فنڈز ہیں ان سے روزمرہ کے امور نمٹائے جارہے ہیں، اگر جلد ہی فنڈز ریلیز نہ کیے گئے اور صورتحال یہی تو آئندہ کچھ ہی عرصے میں سندھ پولیس فنڈ کی شدید قلت کا شکار ہو جائے گی اور روز مرہ کے امور نمٹانا بھی انتہائی دشوار ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں